بادل پھر برسنے کو تیار، خیبر پختونخوا میں پیشگی انتظامات کے لیے الرٹ جاری

منگل 1 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ بحیرہ عرب سے مون سون ہوائیں 2 اگست کو ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، 3 اگست کو مغربی ہوائیں بھی داخل ہوں گی جس کے باعث بارش کا امکان ہے۔

2 اگست سے 7 اگست کے دوران مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال میں بارش کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ آزادکشمیر، گلگت بلتستان، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان و ملحقہ علاقوں میں بھی موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے بارش کی پیشگوئی کے پیش نظر خیبرپختونخوا میں پی ڈی ایم اے نے پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، ضلعی انتظامیہ چھوٹی اور بھاری مشینری کی دستیابی یقینی بنائے۔

’سوات، کوہستان، بونیر، اورکزئی، چترال، مانسہرہ، شانگلہ، دیر، ابیٹ آباد، خیبر، صوابی، پشاور میں تیز بارشوں سے ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے‘۔

پی ڈی ایم ایم کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے، دریاؤں، ندی اور برساتی نالوں میں پانی کے بہاؤ کی نگرانی کی جائے۔

یہ بھی کہا گیا ہے کہ حساس علاقوں میں صوبائی اور قومی شاہراہوں پرمسافروں کو پیشگی خبردار کیا جائے۔ متعلقہ حکام بوقت ضرورت لوگوں کومحفوظ انتظار گاہوں میں منتقل کریں۔

پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ سیاحوں کو موسمی صورت حال سے آگاہ کیا جائے۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ سیاح بھی دوران سفر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp