الیکشن کمیشن منشیوں پر مشتمل ہے، فواد چودھری

اتوار 12 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے ایک بار پھر الیکشن کمیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن منشیوں پر مشتمل ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں فواد چودھری  نے کہا کہ عدالتی احکامات کے بعد بھی تاثر ہے کہ الیکشن کمیشن اسلام آباد کی طرح صوبائی الیکشن بھی نہیں کرائے گا، الیکشن کمیشن منشیوں پر مشتمل ہے۔

فواد چودھری نے اپنے پیغام میں لکھا کہ اسلام آباد کی طرح صوبائی الیکشن بھی نہیں کرائے گا،آئین کے ساتھ یہ کھلواڑملک کو مہنگا پڑے گا۔

انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ ہمارے پاس آئین ہی متفقہ دستاویز ہے اگر آئین کو بھی روند دیا گیا تو پاکستان کی ریاست شدید خطرات کا شکار ہو جائے گی۔

فواد چودھری کا کہنا ہے کہ بہت ہو گیا آئین کی بالادستی کیلئے ہماری تحریک بالکل تیار ہے جیل بھرو سے اس تحریک کا آغاز ہو گا اور آئین کی بحالی تک تحریک جاری رہے گی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ممبران کو منشی کہنے پر فواد چودھری  کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا، اس مقدمے میں فواد چودھری کو گرفتار بھی کیا گیا، بعد ازاں  ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدر گیلانی نے فواد چوہدری کی مشروط ضمانت منظور  کی تھی اور ریمارکس دیے تھے کہ اس شرط پر ضمانت منظور کر رہا ہوں کہ فواد چوہدری دوبارہ ایسا بیان نہیں دیں گے، پارلیمنٹیرینز کو ایسے بیانات نہیں دینے چاہئیں۔

تاہم اب فواد چودھری نے ایک بار پھر اپنے بیان میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن منشیوں پر مشتمل ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp