خیبر پختونخوا: سیاسی جلسے جلوسوں کے لیے نئے ایس او پیز جاری

بدھ 2 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ابتر سکیورٹی صورت حال، بڑھتے ہوئے دہشتگردی کے واقعات اور باجوڑ میں سیاسی جلسے کے دوران خود کش حملے کے بعد نگران صوبائی حکومت نے سیاسی جلسے جلسوں کے لیے نئے ایس او پیز جاری کرتے ہوئے پیشگی اجازت کے بغیر جلسوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔

اس ضمن میں صوبائی محکمہ داخلہ و قبائلی امور نے مراسلہ جاری کرتے ہوئے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشرز کو آگاہ کیا ہے۔

مراسلےکے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے پیشگی اجازت کے بغیر عوامی اجتماع پر پابندی عائد کر دی۔ اور متعلقہ  حکام کو اس پر سختی سے عمل درآمد کروانے کی ہدایت بھی کی ہے۔

مراسلہ میں لکھا ہے کہ امن و امان کی سنگین صورتحال و دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیشِ نظر اقدام اٹھایا گیا ہے، لہذا عوامی اجتماعات سمیت جلسے جلوسوں کی پہلے انتظامیہ سے اجازت لینا ہوگی۔

ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ جلسے جلسوں کی اجازت کے بعد پولیس کو باقاعدہ اطلاع دی جائے اور سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں۔ ’ضرور ی ہو تو متعلقہ افسر جلسے کرنے والوں کو ضروری ہدایات دے اور ایس او پیز مرتب کرے جب کہ سیکورٹی انتظامات نہ کرنے کی صورت میں اجتماع کی اجازت نہ دینے کی ہدایت کی ہے۔ ‘

صوبے میں اجتماعات اور جلسوں کے لیے نئے ایس او پیز اس وقت جاری کی گئی ہے جب وفاقی حکومت اپنی پارلیمانی مدت مکمل کرنے کے قریب ہے اور انتخابات سر پر ہیں۔ دوسری جانب ابتر سکیورٹی صورت حال اور سیاسی جلسے پر حالیہ حملے کے بعد سیاسی جماعتوں کی پریشانیاں بھی بڑھ گئیں ہیں۔

سیاسی جماعتوں کا ابتر سکیورٹی صورت حال پر تشویش کا اظہار

باجوڑ میں حملے کے بعد جے یو آئی ف نے پشاور میں جرگے کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ جس میں قبائل اور تمام سیاسی جماعتوں نمائندوں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ جے یو آئی کے مطابق جرگہ کا انعقاد آئندہ ہفتے ہو گا۔ جس میں مولانا فضل الرحمان شرکت کریں گے اور صوبے اور قبائلی اضلاع میں سیکیورٹی صورت حال اور آئندہ انتخابات کے حوالے سے موضوعات زیر بحث ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp