خیبرپختونخوا میں اس کا دوسرا پولیو کیس سامنے آیا ہے جو بنوں کے ایک بچے کا ہے جس کی ویکسینیشن صحیح طور پر نہیں ہوئی تھی۔
محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے مطابق بنوں کے رہائشی 3 سالہ بچے میں پولیو ٹائپ ون وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ محکمے کا کہنا ہے کہ والدین بچے کو پولیو کے قطرے پلانے سے گریز کر رہے تھے۔
بچے کو اب تک مہم کے دوران انسداد پولیو کے قطرے صرف 2 مرتبہ پلائے گئے تھے۔ بچے کے بازوؤں میں 11جولائی کو کمزوری کی نشاندہی ہوئی تھی۔
یاد رہے کہ پاکستان کو پولیو فری قرار دینے کے لیے ملک بھر میں ایک عرصہ سے جاری انسداد پولیو مہم کی کاوشوں کو اس وقت دھچکا لگا تھا جب سال 2023 کا دنیا کا پہلا پولیو کیس خیبرپختونخوا میں نکل آیا تھا۔ وہ کیس بھی بنوں سے ہی رپورٹ ہوا تھا اور مارچ میں سامنے آیا تھا۔
ضلع بنوں کی یونین کونسل باکا خیل کے رہائشی 3 سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جب کہ گزشتہ سال بھی پاکستان سے رپورٹ ہونے والے تمام کیسز صوبہ خیبرپختونخوا سے تھے۔
دنیا بھر سے پولیو کا تقریباً خاتمہ ہوچکا ہے تاہم پاکستان اور افغانستان سمیت کچھ افریقی ممالک میں اب بھی پولیو کیسز سامنے آرہے ہیں۔
پاکستان سے پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے پولیو مہم جاری ہے۔ رواں سال کی پہلی پولیو مہم کا آغاز وزیراعظم شہباز شریف نے 11 جنوری 2023 کو کیا تھا۔