توشہ خانہ کیس: عمران خان کے گواہوں کی فہرست عدالت نے مسترد کر دی

بدھ 2 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد کی ایڈیشنل سیشن عدالت نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے وکلا کی جانب سے پیش کی گئی گواہان کی فہرست کو مسترد کرتے ہوئے اسے غیرمتعلقہ قرار دے دیا ہے۔

ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے کیس کی سماعت کی، اس دوران الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن عدالت میں پیش ہوئے جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل خالد یوسف اور مرزا عاصم بیگ نے پیروی کی۔

عدالت نے فریقین کے وکلا کو جمعرات 3 اگست کو دن 11 بجے حتمی دلائل کے لیے بلا لیا۔ اس موقع پر عدالت کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ اگر حتمی دلائل نہ دیے گئے تو فیصلہ محفوظ کر لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ منگل یکم اگست کو عمران خان نے 342 کا بیان ریکارڈ کروا دیا تھا۔

عمران خان نے اپنے وکلا کی موجودگی میں بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے کہا کہ انہوں نے الیکشن کمیشن میں اپنے اثاثوں کا غلط ریکارڈ جمع نہیں کرایا۔

عمران خان نے کہا کہ ان کو فرد جرم پڑھ کر سنائی نہیں گئی۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے توشہ خانہ کیس میں کسی کو بھی اپنا نمائندہ مقرر نہیں کیا تھا۔

سابق وزیراعظم کی جانب سے بیان میں کہا گیا تھا کہ تحفے ذاتی استعمال کے لیے تھے جن کا ذکر گوشواروں میں کیا گیا ہے۔ اب صرف نااہل کرنے کے لیے تحائف کا ریکارڈ پوچھا جا رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp