کراچی میں ڈاکوؤں کی جانب سے شہریوں کو کھلے عام لوٹنے کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ چند دنوں کے دوران ہونے والے لوٹ مار کے 2 کیسز کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آچکی ہیں تاہم چہرے واضح ہونے کے باوجود ملزمان اب تک پکڑے نہیں جاسکے۔
نارتھ کراچی سیکٹر 7 ڈی میں موٹر سائیکل پر سوار 3 ملزمان نے ایک شہری سے اس کی بائیک چھین لی جس کی ویڈیو بھی سامنے آگئی۔
موٹر سائیکل چھیننے کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزمان موٹرسائیکل سوار شہری کا تعاقب کرتے ہوئے گلی میں پہنچے اور اس سے بائیک چھیننے کے بعد خو جس موٹر سائیکل پر تھے اسے وہیں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
معاملہ یہیں ختم نہیں ہوا بلکہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں کچھ ہی دیر ایک اور عجیب منظر یہ دیکھنے میں آیا کہ ایک نامعلوم راہگیر اس جگہ پہنچا اور ملزمان کی موٹر سائیکل اٹھا کر چلتا بنا۔ تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ وہ صرف راہگیر ہی تھا جس نے موقعے سے فائدہ اٹھایا یا پھر موٹرسائیکل چھیننے والوں کا ہی کوئی ساتھی تھا۔ پولیس کے مطابق واقعہ 2 روز قبل پیش آیا تھا اور ملزموں کی تلاش جاری ہے۔
نارتھ کراچی سیکٹر ڈی میں ہی ایک اور واقعہ پیش آیا جو 29 جولائی کو رونما ہوا تھا۔ اس کیس میں موٹر سائیکل پر سوار 2 افراد نے ایک شخص کو اس کے گھر کے سامنے لوٹا۔ ڈاکوؤں کے ہاتھوں اپنا موبائل فون اور نقدی گنوانے والا وہ شخص بھی موٹرسائیکل پر ہی سوار تھا اور لگتا تھا کہ کچھ سودا لے کر اپنے گھر ابھی پہنچا ہی تھا۔
اس واقعے کی بھی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آچکی ہے۔ فوٹیج میں یہ بھی دیکھا جاسکتا ہے کہ لوٹ مار کی اس واردات کے دوران لٹنے والے شخص کی موٹرسائیکل کے پاس ایک بچی بھی کھڑی تھی۔
اس واقعے میں بھی ڈاکو لوٹ مار کرنے کے بعد بڑے اطمینان سے جائے واردات سے فرار ہوئے۔