پاکستان نے ژوب کینٹ پر دہشتگرد حملے میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کی تصدیق پر کہا ہے کہ پاکستان کے اندر دہشتگردی کے لیے افغان سرزمین استعمال ہونا قابل مذمت ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ژوب کینٹ پر حملے میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے۔ تینوں دہشتگردوں کا تعلق افغانستان کے صوبے قندھار سے ہے۔
ترجمان نے کہا کہ افغان سفارتخانے کو دہشتگردوں کی لاشیں وصول کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 12 جولائی کو ژوب کینٹ پر دہشتگردوں نے حملہ کیا تھا۔ اس دوران سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا تھا جبکہ کلیئرنس آپریشن کے دوران 9 فوجی جوان بھی شہید ہو گئے تھے۔
یہ بھی واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے بار بار افغانستان سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو کسی بھی ملک کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔