پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان مصباح الحق (سربراہ)، انضمام الحق کی سربراہی میں ایک ہائی پروفائل کرکٹ ٹیکنیکل کمیٹی (سی ٹی سی) تشکیل دی ہے جس میں انضمام الحق اور محمد حفیظ بھی شامل ہیں۔
سی ٹی سی کرکٹ سے متعلقہ معاملات پر سفارشات فراہم کرے گی جس میں مجموعی ڈومیسٹک ڈھانچہ، شیڈولنگ، پلیئنگ کنڈیشنز، قومی سلیکشن کمیٹیوں کی تقرری، قومی ٹیم کے کوچز کی تقرری، سینٹرل اور ڈومیسٹک کنٹریکٹس، امپائر، ریفری اور کیوریٹر سے متعلق امور شامل ہیں۔
کمیٹیئ کے پاس اضافی کرکٹ ماہرین کو مدعو کرنے کے اختیارات ہوں گے اور وہ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ کو مستقل بنیادوں پر رپورٹ کرے گی۔
پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرپرسن ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ ’میں اپنے ملک میں کرکٹ کی بہتری کے لیے مصباح الحق، انضمام الحق اور محمد حفیظ کو بورڈ میں خوش آمدید کہتا ہوں، یہ تینوں سابق کپتان کرکٹ کے بارے میں زبردست علم رکھتے اور جدید دور کی کرکٹ کے تقاضوں کو سمجھتے ہیں۔
ذکا اشرف نے کہا کہ ’گھریلو کرکٹ کا ڈھانچہ کسی بھی کرکٹنگ قوم کا ستون ہوتا ہے لہٰذا ہمیں اسے فول پروف بنانا ہوگا‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے 3 سب سے زیادہ تجربہ کار کرکٹرز مصباح، انضمام اور حفیظ ڈومیسٹک کرکٹ سے ابھرے ہیں اور ان سے کرکٹرز کو پھلنے پھولنے کا بہترین نظام فراہم کرنے میں مدد ملے گی اور ہمیں بہترین کھلاڑی ملیں گے۔
مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ’میرے لیے اس کمیٹی کا سربراہ مقرر ہونا بہت اعزاز کی بات ہے اس میں ایسے معزز افراد شامل ہیں جنہوں نے کئی عشروں تک پاکستان کرکٹ کی خدمت کی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک چیلنجنگ اسائنمنٹ ہے لیکن اس کمیٹی کے پاس وسیع تجربے اور ہم ایسی سفارشات فراہم کر کے مثبت تبدیلی لائیں گے جو کھیل کو نچلی سطح سے لے کر اوپر تک بہتر بناکر اس کی ترقی کا باعث بنے۔
قائم مقام ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز جنید ضیاء کو سی ٹی سی کے ایکس آفیشو رکن کے طور پر شامل کیا گیا ہے جب کہ عثمان تسلیم بطور ایکس آفیشو سیکریٹری ہیں۔