کوئٹہ کے علاقے اسپنی روڈ پرپولیس اسٹیشن کے قریب دھماکا ہوا ہے جس سے حملہ آور ہلاک ہو گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے شخص کے پاس بارودی مواد یا گرینیڈ تھا۔ ہو سکتا ہے کہ مذکورہ شخص پولیس ناکے کو ٹارگٹ کرنا چاہتا تھا۔
ایس ایچ او خروٹ آباد نورحسن نے کہا کہ یہ روٹ ہزارہ برادری بھی استعمال کرتی ہے، لاش کو تحویل میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے ہیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
دہشتگرد تخریب کاری کی غرض سے مواد لیکر جا رہا تھا، پولیس
پولیس ترجمان نے بتایا ہے کہ مبینہ دہشتگرد تخریب کاری کی غرض سے دھماکا خیز مواد لے جا رہا تھا۔
دوسری جانب سی ٹی ڈی ترجمان نے بتایا ہے کہ دھماکا خیز مواد لے جانے والے مبینہ دہشتگرد کی شناخت ہو گئی ہے۔
سی ٹی ڈی ترجمان نے بتایا کہ نور علی نامی شخص دھماکا خیز مواد لے جارہا تھا جو پھٹ گیا، مرنے والے شخص سے خود کش جیکٹ نہیں ملی، واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔