’چیمپیئن ہو تو اپنے لیے‘ پنجاب پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے ورلڈ اسنوکر چیمپیئن رو پڑے

جمعرات 3 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پولیس کی بدسلوکی کا شکار ہونے والے افراد کا سامنے آنا اب قدرے معمول سا لگنے لگا ہے لیکن جمعرات کو ایک ایسا معاملہ ہوا جس میں پولیس کی بدسلوکی کا شکار فرد رویا تو وزیراعظم سے معاملے کا نوٹس لینے کی اپیل کر دی۔

پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ورلڈ اسنوکر چیمیئن شپ جیتنے والے احسن رمضان نے اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ وہ اپنی اکیڈمی میں پریکٹس کر رہے تھے۔ اس دوران پولیس والے آئے تو ان سے بدتمیزی کی۔

احسن رمضان کے مطابق شناخت کرانے کے باوجود پولیس نے ان سے بدسلوکی کی اور کہا کہ ’چیمیئن ہو تو اپنے لیے بنے ہو‘، ’یہ الفاظ سن کر بہت دکھ ہوا میں نے پولیس سے کہا کہ کلب تو بند نہیں کرا سکتے۔ جس پر انہوں نے مجھے کہا کہ ایس ایچ او صاحب سے بات کریں۔‘

کلب میں پولیس کارروائی اور گرفتاری کا ذکر کرتے ہوئے رو پڑنے والے پاکستانی کھلاڑی نے بتایا کہ ’جب وہاں گئے تو انہوں نے ہمارے پاس جو چیزیں تھیں، وہ لے لیں اور ہمیں حوالات میں رکھا۔‘

Image
احسن رمضان نے دوحا، قطر میں ہونے والی عالمی امیچور اسنوکر چیمیئن شپ جیتی تھی (فائل فوٹو)

’پاکستان کے لیے کھیلنا اور جیتنا کتنی خوش قسمتی ہوتی ہے۔‘ کا ذکر کرنے والے احسن رمضان نے وزیراعظم شہباز شریف اور آئی جی پنجاب پولیس سے اپیل کی کہ ان سے ہونے والی بدسلوکی کا نوٹس لیا جائے۔

پاکستانی کھلاڑی کا کہنا تھا کہ ’اسنوکر وہ کھیل ہے جس نے ملک کو سب سے زیادہ عالمی اعزازات دلوائے ہیں۔ بہت سے لوگوں کے ساتھ ایسا ہوتا ہے آج میرے ساتھ ہوا مگر میں آواز اٹھا رہا ہوں۔‘

احسن رمضان کی ویڈیو کے ساتھ ہی پولیس حراست کے دوران حوالات کے قریب ان کی تصاویر بھی سامنے آئیں جن میں وہ اپنا بیلٹ پہنتے دکھائی دیتے ہیں۔

لاہور میں پولیس چھاپے اور گرفتاری کا نشانہ بننے والے احسن رمضان نے رات دس بجے کے بعد اپنا کلب کھولا ہوا تھا جس کی وجہ سے ان کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔

سوشل میڈیا صارفین نے احسن رمضان کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کا ذکر کیا تو پولیس کے رویے کی شکایات بھی کیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp