سندھ: نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے جی ڈی اے اور ایم کیو ایم کی طویل مشاورت

جمعہ 4 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مسلم لیگ منکشنل ہاؤس کراچی میں متحدہ اپوزیشن سندھ کا اہم اجلاس ہوا جس میں ایم کیو ایم کی طرف سے اپوزیشن لیڈر رعنا انصار، خواجہ اظہار الحسن، علی خورشیدی، جاوید حنیف اور غلام جیلانی جب کہ فنکشنل لیگ کی طرف سے ڈاکٹر محمد شفیع، نند کمار گوکلانی، نسیم راجپر، ڈاکٹر صفدر عباسی، حسنین مرزا سمیت دیگر شریک ہوئے۔

ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے شعیب صدیقی کا نام تجویز

ایم کیو ایم پاکستان کے سینئیر رہنما خواجہ اظہار الحسن نے وی نیوز کو بتایا کہ ہماری طرف سے شعیب صدیقی کا نام فائنل ہو چکا ہے اور جمعہ کو متحدہ اپوزیشن کے حتمی اجلاس میں اعلان کردیا جائے گا۔

نگراں وزیراعلیٰ سندھ پر جی ڈی اے کا موقف

جی ڈی اے کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر صفدر عباسی نے اس حوالے سے وی نیوز کو بتایا کہ روایت رہی ہے کہ نگراں وزیر اعلیٰ اندرون سندھ سے ہوتا ہے ہم کوئی تفریق نہیں کر رہے لیکن اندرون سندھ کی سیٹیں اور ووٹ زیادہ ہیں۔

متحدہ اپوزیشن یا جی ڈی اے اور ایم کیو ایم پاکستان آخری اجلاس بہادر آباد میں کریں گے جس میں نگران سیٹ اپ کے لیے ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔ نگران سیٹ اپ کے لیے حتمی فیصلہ وزیر اعلیٰ سندھ اور اپوزیشن لیڈر سندھ کی مشاورت سے ہوگا۔

پاکستان مسلم لیگ فنکشنل ہاؤس میں کیا ہوتا رہا؟َ

میڈیا نمائندوں کو جمعرات کو سہ پہر 3 بجے فنکشنل ہاؤس میں مدعو کیا گیا تھا اور گمان یہی تھا کہ شاید ناموں کا اعلان کردیا جائے گا لیکن دونوں جماعتیں طویل مشاورت کرتی رہیں۔

مشاورت کے بعد پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ ناموں کا اعلان جمعہ کو کیا جائے گا۔ دوران پریس کانفرنس جی ڈی اے اور ایم کیو ایم صحافیوں کے سوالات پر خوب ایک دوسرے کا دفاع کرتے رہے اور خواجہ اظہار مسلسل فون پر مصروف دکھائی دیے۔ وہ ہر تھوڑی دیر بعد رانا انصار کے کان میں کچھ کہنا نہیں بھولتے تھے لگتا تھا جیسے انہیں میڈیا سے بات کرنے پر آمادہ کر رہے ہوں۔

کچھ دیر بعد صحافیوں کو رخصت کردیا گیا اور دونوں جماعتوں کے رہنما بھی کافی دیر تک سڑک پر کھڑے گپ شپ کرنے کے بعد ’کل ملتے ہیں’ کہتے ہوئے ایک ایک کر کے رخصت ہوگئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp