کیا عمران خان کے لیے آج کا جمعہ ’مبارک‘ ثابت ہوگا؟

جمعہ 4 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آج کا دن پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے مقدمات کے حوالے سے بہت اہم ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے مقدمات بیک وقت ڈسٹرکٹ کورٹ، اسلام آباد ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں زیرِ التواء ہیں۔ کیا آج عمران خان کے لیے جمعہ مبارک ہوگا؟

اب سے کچھ دیر بعد اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس، جسٹس عامر فاروق آج عمران کی توشہ خانہ کیس سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ سنائیں گے۔ عمران خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں 3 درخواستیں دائر کی تھیں۔

عمران خان نے ڈسٹرکٹ کورٹ کے جج ہمایوں دلاور کی عدالت کا دائرہ اختیار چیلنج کر رکھا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ یہ مقدمہ پہلے مجسٹریٹ کی عدالت سے ہو کر سیشن کورٹ میں آنا چاہیئے، دوسری 2 درخواستوں میں چیئرمین پی ٹی آئی نے جج ہمایوں دلاور کے تعصب سے متعلق بات کی ہے اور ان کے فیس بک اکاؤنٹ پوسٹوں کی وجہ سے ان پر تعصب کا الزام لگایا ہے جس پر ایف آئی اے اسلام آباد ہائی کورٹ ایک رپورٹ بھی جمع کروا چکی ہے جو بظاہر عمران خان کے حق میں نہیں جاتی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس، جسٹس عامر فاروق نے ان درخواستوں پر فیصلہ سنانا ہے جو اب تک سنایا نہیں گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ جج ہمایوں دلاور نیچے توشہ خانہ مقدمے میں سماعت جاری رکھے ہوئے ہیں اور الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز دلائل دے رہے ہیں۔

آج 11 بجے سپریم کورٹ میں جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کرے گا جس میں عمران خان نے استدعا کر رکھی ہے کہ توشہ خانہ مقدمے کا ٹرائل روکا جائے۔ لیکن سپریم کورٹ کی کارروائی اسی صورت بار آور ثابت ہو سکتی ہے جب اسلام آباد ہائیکورٹ اپنا فیصلہ سنا دے۔ لیکن اسلام آباد ہائیکورٹ نے ابھی تک اپنا فیصلہ نہیں سنایا۔ جس کے لیے تمام لوگ انتظار کر رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp