نجی ایئر لائن کا سعودی عرب سے پاکستان کے لیے براہِ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان

جمعہ 4 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایک نجی ایئرلائن نے پاکستانی مسافروں کے لیے سفری سہولیات میں اضافہ کرتے ہوئے اپنے آپریشنز میں توسیع کر دی ہے جس کے تحت سعودی عرب سے پاکستان کے لیے براہ راست پروازیں شروع کر دی گئی ہیں۔

نجی فضائی کمنپی ’ایئر سیال‘  نے اعلان کیا ہے کہ وہ سعودی عرب کے شہر دمام سے اسلام آباد اور لاہور کے لیے براہ راست پروازیں شروع کر رہی ہے۔

دمام ہوائی اڈے پر آپریشنز کو سنبھالنے والی کمپنی کی جانب سے شیئر کی گئی ایک پروموشنل ویڈیو میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازیں شروع کردی گئی ہیں۔

’ایئر سیال‘ نے پہلے جدہ اور پاکستان کے درمیان پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا تھا اور اب اس نے شاہ فہد بین الاقوامی ہوائی اڈے سے پاکستان کے 2 بڑے شہروں کے لیے پروازیں شروع کرنے کے لیے اپنے سفری آپریشن کو وسعت دے دی ہے۔

واضح رہے کہ براہ راست پروازوں کا آغاز پاکستانیوں کے لیے انتہائی خوش آئند بات ہے کیوں کہ پاکستان کے عوام کی ایک بڑی تعداد ہر سال مکہ مکرمہ کی زیارت کے لیے سعودی عرب کا سفر کرتی ہے ۔

سعودی عرب نے حال ہی میں کامیابی سے حج آپریشن مکمل کیا اور بغیر کسی ناخوشگوار واقعے کے پورے حج آپریشن کا انتظام کرنے پر دنیا بھر سے داد وصول کی۔ حج آپریشن کے دوران پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے پاکستان سے عازمین حج کو کامیابی سے حجازمقدس تک پہنچایا۔

’ایئر سیال‘  تقریباً ڈھائی سال سے پاکستان کے اندرون شہروں میں اپنی سفری خدمات جاری رکھے ہوئے ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp