عمران خان کی گرفتاری: لاہور میں ن لیگ کا جشن، مٹھائیاں تقسیم

ہفتہ 5 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کا فیصلہ آنے اور ان کی گرفتاری پر مسلم لیگ ن ( پی ایم ایل این) کے نصیر آباد سیکرٹریٹ میں جشن کا سماں، عوام نے مٹھائیاں تقسیم کیں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کی اطلاع ملنے پر مسلم لیگ ن ( پی ایم ایل این) کے کارکن اور رہنما لاہور نیصر آباد سیکرٹریٹ  میں جمع ہوئے اور جشن منایا، نعرے بازی کی اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔

آج اللہ نے تکبر کا سر نیچا کرتے ہوئے سچ آشکار کر دیا: حمزہ شہباز

عمران خان کی گرفتاری پر نائب صدر مسلم لیگ ن (پی ایم ایل این) و سابق وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف نے  اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ عدالت نے توشہ خانہ کیس میں عمران نیازی کی بے ایمانی، جھوٹ اور کرپشن پر مہر ثبت کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مخالفین پر بہتان تراشی، جھوٹے کیسز  اور گالم گلوچ کرنے والا اپنے انجام کو پہنچ گیا ہے۔  جج ہمایوں دلاور کو جراتمندانہ فیصلہ دینے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

 حمزہ شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان عدالت کی جانب سے بار بار موقع فراہم کرنے کے باوجود اپنا دفاع کرنے سے بھاگتا رہے، آج اللہ نے تکبر کا سر نیچا کرتے ہوئے سچ آشکار کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کرپشن فراڈ اور بدیانتی کے مرتکب عمران خان نیازی نے فوج پر حملے اور ملک دشمنی کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیا۔

دوسروں پر جھوٹے الزام لگانے والا اپنے انجام کو پہنچ گیا: سیف الملوک

مسلم لیگ ن لاہور کے صدر سیف الملوک کھوکھر نے کارکنوں میں مٹھائیاں تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ میاں نوازشریف نےکہاتھاکہ میں اپنا فیصلہ اللہ تعالی پر چھوڑتا ہوں، دوسروں پر جھوٹے مقدمات بنانےوالا آج خود اپنے انجام کو پہنچ رہا ہے، ’فتنہ خان‘ نے معشیت سمیت ہر شعبہ کو نقصان پہنچایا۔سیف الملوک کھوکر نے مزید کہا کہ ’فتنہ خان‘ آج اپنے انجام کو پہنچا۔

اس موقع پر چوہدری شہباز احمد، رمضان بھٹی، ملک وحید، سید توصیف شاہ، عامر خان، سواتی خان، میاں طارق، نگہت شیخ، راؤ صداقت سمیت دیگر لوگ موجود تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp