ڈراما سیریل ’کابلی پلاؤ‘ کے بارے میں پاکستان کے نامور فنکار کیا کہتے ہیں؟

ہفتہ 5 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

’کابلی پلاؤ‘ ایک انٹرٹینمنٹ نجی ٹی وی ڈراما سیریل ہے۔ اس ڈرامے کو ظفر معراج نے لکھا ہے جنہوں نے پی ٹی وی کے بے شمار ہٹ ڈرامے لکھے ہیں۔ ڈرامے کے ہدایت کار کاشف نثار ہیں جنہوں نے کئی ہٹ ڈراموں میں ہدایت کاری کی ہے۔

’کابلی پلاؤ ‘ کی کہانی ایک نوجوان افغان لڑکی کے گرد گھومتی ہے جس نے غلطی سے ایک پاکستانی پنجابی شخص سے شادی کر لی۔ ڈرامے کی کاسٹ میں نادیہ افگن، سبینہ فاروق، احتشام الدین اور دیگر شامل ہیں۔

یہ ڈراما ملٹی ورس انٹرٹینمنٹ کے تعاون سے ’کیو اینڈ کے پروڈکشن‘ کی پریزنٹیشن ہے۔ عمران رضا اس ڈرامے کے ایگزیکٹو پروڈیوسر ہیں۔

مداح اس ڈرامے کی بے حد تعریف کر رہے ہیں۔ وہ باربینہ اور حاجی مشتاق کی شادی شدہ زندگی پر تبصرے کر رہے ہیں۔ ’کابلی پلاؤ ‘ کو ناظرین کی جانب سے زبردست پذیرائی مل رہی ہے۔

پاکستان ٹیلی ویژن انڈسٹری سے جڑی اہم پاکستانی شخصیات بھی اس ڈرامے کو پسند کر رہی ہیں۔ بہت سی مشہور شخصیات نے اس ڈراما سیریل میں پیش کیے گئے منفرد تصور کی تعریف کی ہے۔ بشریٰ انصاری، عمران اشرف، صائمہ اکرم چوہدری، مایا علی اور نادیہ جمیل نے اس ڈرامے کی بے حد تعریف کی ہے۔

 بشریٰ انصاری نے اس ڈراما سیریل کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ڈرامے میں ہمارے سماجی روّیوں کی درست عکاسی کی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’کابلی پلاؤ‘ ایک انتہائی خوبصورت کہانی ہے جسے ظفر مہراج نے بہت عمدگی سے تحریر کیا ہے، اس ڈراما سیریل کو دیکھتے ہوئے لگتا ہے کہ ہم ماضی کے ڈرموں کی حقیقی دُنیا میں واپس لوٹ ہیں جسے ہم 25 سال قبل کھو چکے تھے۔

مصنفہ صائمہ اکرم چوہدری نے تجویز دی کہ سب کو یہ ڈراما دیکھنا چاہیے جب کہ مایا علی نے بھی ڈرامے اور اس میں کام کرنے والے فنکاروں کی اداکاری کی دل کھول کر تعریف کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp