چین کی ملکیت والے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک نے یورپی صارفین کے لیے متعدد نئے فیچرز کا اعلان کیا ہے جن کا مقصد یورپی یونین کے لیے آئندہ ممکنہ قوانین پر عمل درآمد کو بہتر بنانا ہے۔
یورپی یونین کے ڈیجیٹل سروسز ایکٹ (ڈی ایس اے) کے تحت ٹک ٹاک کے مالک بائٹ ڈانس، الفابیٹ یونٹ گوگل اور دیگر بڑے آن لائن پلیٹ فارمز کو غیر قانونی مواد کی روک تھام، مخصوص اشتہاری طریقوں پر پابندی لگانے اور صارفین کے ساتھ ڈیٹا شیئر کرنے کی ضرورت ہوگی۔
لیکن گزشتہ ماہ ٹک ٹاک کے رضاکارانہ ‘اسٹریس ٹیسٹ’ پر رضامندی کے بعد یورپی یونین کی صنعت کے سربراہ تھیری بریٹن نے کہا تھا کہ کمپنی کو مکمل طور پر اس کی تعمیل کرنے کے لیے ‘مزید کام’ کرنے کی ضرورت ہے۔
بریٹن نے امریکی ٹیلی ویژن سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ “ٹک ٹاک تعمیل کے لیے اہم وسائل وقف کر رہا ہے۔ “اب وقت آگیا ہے کہ مکمل طور پر تعمیل کرنے کے لئے تیزی لائی جائے۔
جمعے کے روز کمپنی نے ’ڈی ایس اے‘ کی تعمیل کے لیے کیے گئے نئے اقدامات کا انکشاف کیا ہے جس کے مطابق یورپین صارفین کے لیے غیر قانونی مواد کی اطلاع دینے کے عمل کو آسان بنانا، انہیں ویڈیوز کے لیے ذاتی سفارشات بند کرنے اور 13 سے 17 سال کی عمر کے صارفین کے لیے مخصوص اشتہارات کو ہٹانا شامل ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ ہم نہ صرف اپنی ریگولیٹری ذمہ داریوں کو پورا کرتے رہیں گے بلکہ جدید حل کے ذریعے نئے معیارات قائم کرنے کی بھی کوشش کریں گے۔