عمران خان کی گرفتاری کا پاکستان کی سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے، مریم اورنگزیب

اتوار 6 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاکہ عمران خان کی گرفتاری کا تعلق پاکستان کی سیاست سے نہیں ہے، انہوں نے ریاستی تحفے بیچے، جس پر انکا ٹرائل ہوا اور جرم ثابت ہونے کے بعد انکو گرفتار کیا گیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہاکہ عمران خان کا مقدمہ عدالتوں میں رہا، جہاں قانون کے تمام مقررہ مراحل پورے کیے گئے، تفتیش ہوئی اور مقدمہ ٹرائل کے عمل سے بھی گزرا اس کے بعد جا کے ٹرائل کورٹ نے فیصلہ دیا۔

مریم اورنگزیب نے کہاکہ عمران خان اپنے دفاع میں شہادت پیش کرنے میں ناکام رہے، ان کے اوپر الزامات تھے کہ انہوں نے اختیارات کا ناجائزاستعمال کیاہے، اس کے علاوہ بھی ان پر مزید 4 مقدمات ابھی ٹرائل کورٹ میں ہیں۔

’ایک کیس 19 کروڑ برطانوی پاؤنڈز سے متعلق ہے۔‘

’ایک سائفر سے متعلق، ایک 9 مئی سے متعلق، اور ایک بیرونی فنڈنگ کا کیس ہے۔‘

انہوں نے کہاکہ یہ تو ابھی ایک مقدمہ ہے جو پایہ تکمیل تک پہنچا ہے جس پر ٹرائل کورٹ نے اپنا فیصلہ دیا ہے، کسی ایسے شخص کو کھلی چھوٹ تو نہیں دے سکتے ہیں جس نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا ہو۔

انکا کہنا تھاکہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری سیاسی نہیں ہے ہم انکو اندھیرے میں نہیں رکھ سکتے ہیں، 9 مئی کو ہونے والے تمام واقعات کے ماسٹر مائند عمران خان تھے، اس لیے آپ یہ نہیں کہہ سکتے کہ یہ کریک ڈاؤن کسی سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے لیے ہو رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ عمران خان نے اداروں کو نیچا دکھانے کی کوشش کی، انہوں نے اپنے کارکنان کو اشتعال دلایا، سب نے دیکھا کہ زمان پارک میں پیٹرول بموں سے پولیس کا استقبال کیا گیا۔

صحافی کے ایک سوال کے جواب میں مریم اورنگزیب نے نواز شریف کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ نواز شریف نے اپنے اوپر لگے تمام الزامات کا جواب دیا، 150 سے زائد پیشیاں بگتیں، کسی سرکاری املاک کو نقصان نہیں پہنچایا، اور نہ ہی کبھی کہیں توڑ پھوڑ کی جبکہ عمران خان اسکے برعکس کرتے رہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp