خیبر پختونخوا کے ضلع پشاور کی تحصیل کونسل متھرا، اور ایبٹ آباد کی تحصیل کونسل حویلیاں میں آج ہونے والے تحصیل چیئرمین کی خالی نشستوں پرضمنی انتخابات میں پولنگ کا عمل شروع ہو چکا ہے، جو شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔
پشاور کی تحصیل متھرا کے ضمنی انتخابات کے لیے 155 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں جن میں 75 مردوں کے، 66 خواتین کے اور 14 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔
155 پولنگ اسٹیشنز میں کل 496 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں، جن پر مجموعی طور پر2 لاکھ 18 ہزار 6 سو 30 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں 120738 مرد جبکہ 97892 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
مزید پڑھیں
تحصیل حویلیاں کے لیے کل 134 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں 23 مردوں اور 23 خواتین کے لیے جبکہ 88 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔
تحصیل حویلیاں میں ٹوٹل 392 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔ 134 پولنگ اسٹیشنز پر مجموعی طور پر 1 لاکھ 65 ہزار 8 سو ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں 88364 مرد جبکہ 77436 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
تحصیل متھرا کے 155 پولنگ سٹیشنز میں 84 حساس ترین ، 57 حساس اور 14 پولنگ سٹیشنز نارمل قرار دیے گئے ہیں جبکہ تحصیل حویلیاں کے 134 پولنگ اسٹیشنز میں 40 حساس ترین، 25 حساس اور 69 کو نارمل قراردیا گیا ہے، جن کے لیے سیکیورٹی اداروں کی جانب سے خاطر خواہ انتظامات کیے گئے ہیں۔
متعلقہ تحصیلوں پر آج ہونے والے ضمنی انتخابات کے لیے دفتر صوبائی الیکشن کمشنر خیبرپختونخواہ میں کنٹرول رول قائم کیا گیا ہے۔ صوبائی الیکشن کمشنر نے عوام سے ووٹ ڈالنے کی اپیل بھی کی ہے۔