پاکستان نے ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے قومی ٹیم کو بھارت بھیجنے کا اعلان کر دیا

اتوار 6 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت میں ہونے والے 50 اوورز کے ورلڈ کپ میں شرکت کی اجازت دے دی ہے۔

پاکستان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیاہے کہ پاکستان مسلسل کہتا رہا ہے کہ کھیلوں کو سیاست کے ساتھ نہیں ملایا جانا چاہیے۔ اس لیے حکومت نے آئندہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں شرکت کے لیے اپنی کرکٹ ٹیم کو ہندوستان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کا ماننا ہے کہ بھارت کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کی صورتحال کھیلوں سے متعلق اس کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننی چاہییے۔

بیان کے مطابق پاکستان کا یہ فیصلہ بھارت کے غیر ذمہ دارانہ رویے کے برعکس اس کی تعمیری اور ذمہ دارانہ سوچ کو ظاہر کرتا ہے کیونکہ بھارت نے ایشیا کپ کے لیے اپنی کرکٹ ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا تھا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کے باوجود کہ پاکستان کو اپنی کرکٹ ٹیم کی سیکیورٹی پر گہری تشویش ہے، پاکستان اپنی ٹیم کو بھارت بھیج رہا ہے۔ ہم ان خدشات سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) اور بھارتی حکام کو آگاہ کرچکے ہیں ۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ دورہ بھارت کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کی مکمل حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔

پاکستان کی جانب سے یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب چند روز قبل وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت کے حوالے سے تشکیل دی گئی کمیٹی نے جمعرات کو سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک وفد بھیجنے پر غور کیا تھا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں قائم کی گئی کمیٹی میں وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، وزیر بین الصوبائی رابطہ احسان الرحمان مزاری، قومی سلامتی کے اداروں کے سربراہان اور سیکریٹری خارجہ شامل ہیں۔

ایک نجی ٹی وی چینل نے ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ اجلاس کے زیادہ تر شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان کو ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے بھارت جانا چاہیے۔ تاہم کچھ یہ تجاویز بھی سامنے آئی ہیں کہ پاکستان ایونٹ میں شرکت نہ کرے کیونکہ بھارت پاکستان کا دورہ نہیں کر رہا ہے۔

تاہم کمیٹی نے اس بات پر بھی اتفاق کیا ہے کہ ٹیم کی روانگی سے قبل بھارت سے سیکیورٹی گارنٹی لی جائے گی۔

نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان سیکیورٹی وفد بھیجنے کے لیے بھارت اور آئی سی سی سے رابطہ کرے گا۔ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر وفد بھیجنے پر اتفاق ہوتا ہے تو وہ اگست کے آخری ہفتے میں بھارت کا دورہ کرے گا۔

آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے لیے بھارت میں کھیلے جانے والے پاکستانی میچوں کی تفصیل کچھ اس طرح ہے۔

6 اکتوبر – حیدرآباد میں نیدرلینڈز کے خلاف

12 اکتوبر – حیدرآباد میں سری لنکا کے خلاف

15 اکتوبر – احمد آباد میں بھارت کے خلاف

20 اکتوبر – بنگلور میں آسٹریلیا کے خلاف

23 اکتوبر – چنئی میں افغانستان کے خلاف

27 اکتوبر – چنئی میں جنوبی افریقہ کے خلاف

31 اکتوبر – کولکتہ میں بنگلہ دیش کے خلاف

4 نومبر –  بنگلور میں نیوزی لینڈ کے خلاف

12 نومبر – کولکتہ میں انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp