ورلڈ کپ: وفاقی وزیر کھیل نے قومی ٹیم کے بھارت جانے کی پھر مخالفت کر دی

بدھ 2 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر کھیل احسان مزاری نے قومی کرکٹ ٹیم کی بھارت جا کر ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کی مخالف کر دی۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے اجلاس میں وفاقی وزیر کھیل احسان مزاری نے کہا کہ بھارت نے ایشیا کپ ہائبرڈ ماڈل پر کھیلنے پر رضا مندی ظاہر کی ہے تو پاکستان کو بھی ہائبرڈ ماڈل پر ورلڈ کپ کھیلنا چاہیے۔

احسان مزاری کا کہنا ہے کہ پاکستان کی عزت اور وقار سب سے پہلے ہے، ورلڈ کپ میں قوم ٹیم بھارت بھیجنے سے متعلق فیصلہ کرنے کے لیے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی سربراہی میں کمیٹی بن گئی ہے، جس کا اجلاس کل ہو گا، میں کمیٹی کو یہی سفارشات دوں گا کہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم کو بھارت نہیں جانا چاہیے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ خومختار ادارہ نہیں ہے، کرکٹ بورڈ حکومت پاکستان کو جوابدہ ہے، حکومت پاکستان کی اجازت کے بغیر پاکستان کی ٹیم کیسے بھارت کھیلنے جاسکتی ہے، پی سی بی سے متعلق سوالات کے جوابات پارلیمان میں وزارت دیتی ہے۔

دوسری جانب قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی کے اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی آڈٹ رپورٹ پر برہمی کا کیا گیا ہے اور کمیٹی نے چیئرمین پی سی بی کو آئندہ اجلاس میں طلب کر لیا ہے۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ون ڈے ورلڈ کپ 2023 میں شرکت کرے گی یا نہیں؟ اس کا فیصلہ تاحال نہیں ہو سکا ہے، وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی سربراہی میں قائم کمیٹی قومی کرکٹ ٹیم کے بھارت میں ون ڈے ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے فیصلہ کرے گی، کمیٹی کا اجلاس کل بروز جمعرات اسلام آباد میں ہو گا۔

کمیٹی بھارت میں ہونے والے ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ سے متعلق تمام امور پر سفارشارت مرتب کرے گی، کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں ورلڈ کپ میں شرکت کا فیصلہ کیا جاٸے گا، حتمی سفارشات منظوری کے لیے وزیراعظم کو بھجوائی جائیں گی۔

واضح رہے کہ بھارت نے ایشیا کپ پاکستان میں آ کر کھیلنے سے انکار دیا تھا جس کے باعث پی سی بی کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے ایشیا کپ کے لیے ہائبرڈ ماڈل پیش کیا تھا۔

ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے ایشیا کپ ہائبرڈ ماڈل کی طرز پر کرانے کے لیے رضامند ہو گئی ہے جس کے تحت پہلے مرحلے کے 4 میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔

ہائبرڈ ماڈل کے تحت سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور نیپال پہلے مرحلے کے میچز لاہور میں کھیلیں گے جبکہ ٹورنامنٹ کے دیگر میچز اور فائنل سری لنکا میں ہو گا، پاکستان اور بھارت کے میچز بھی سری لنکا میں ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp