نواز شریف جلد وطن آ کر ملک کے وزیراعظم بنیں گے، وزیراعظم شہباز شریف

اتوار 6 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف جلد وطن واپس آئیں گے اور آئندہ عام انتخابات کے بعد وزیراعظم بن کر ملک کی تقدیر بدل دیں گے۔

قصور میں مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں لوڈشیڈنگ ختم کی گئی، اس کے علاوہ ہمارے دور میں نوجوانوں کو میرٹ پر لیپ ٹاپ دیے گئے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف وہ شخص ہے جو چین سے سے سی پیک لے کر آیا، میں جب نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دیتا تھا تو مجھ پر تنقید کی جاتی تھی۔ آج وہی نوجوان اپنی اسکلز کی بنیاد پر روزگار حاصل کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں شروع کیے گئے دیامر بھاشا اور داسو ڈیم تعمیر کے مراحل میں ہیں۔ ہمارے قائد نے 28 مئی 1998 کو ایٹمی دھماکے کر کے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ اُس وقت کے امریکی صدر بل کلنٹن نے نواز شریف کو 5 ارب ڈالر دینے کی پیشکش کی تھی کہ دھماکا نہ کریں مگر انہوں نے صاف انکار کر دیا۔

صدر پاکستان مسلم لیگ ن نے کہا کہ نواز شریف نے ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پاک فوج کے ساتھ مل کر آپریشن ضرب عضب کا فیصلہ کیا جس کے بعد پاکستان سے دہشت گردی کا خاتمہ ہو گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے اپنے دور میں افغانستان سے لوگوں کو پاکستان میں لاکر واپس بسایا جس کے بعد ملک میں دہشتگردی پھر سے شروع ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں 30 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی، ن لیگ نے ملک میں سڑکوں کا جال بچھایا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں پاکستان کے سعودی عرب کے ساتھ اچھے تعلقات تھے۔ مگر 2018 میں جھرلو الیکشن کے ذریعے بننے والی حکومت نے دوست ممالک کے ساتھ تعلقات خراب کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے خلاف پانامہ کا جھوٹا کیس چلا کر اقامہ کی بنیاد پر سزا دی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان کے دور میں چینی اور آٹے کے اسکینڈلز سامنے آئے، چند لوگوں نے جیبیں بھر لیں مگر کسی سے ریکوری نہیں کی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp