راجہ ریاض کی مصروفیات کے باعث نگراں وزیراعظم کا فیصلہ آج نہیں کل ہو گا

منگل 8 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے درمیان نگراں وزیراعظم کے تقرر کے لیے آج مشاورت ہونا تھی تاہم راجہ ریاض کی مصروفیات کے باعث آج ملاقات نہیں ہو سکی ہے، وزیراعظم نے راجہ ریاض کو خط لکھ کر کل شام 4 بجے نگراں وزیراعظم کے نام پر حتمی مشاورت کے لیے مدعو کر لیا ہے۔

نگراں وزیراعظم کون ہوگا؟ یہ سوال گزشتہ ایک ماہ سے زبان زد عام ہے، مختلف سیاسی رہنما اور تجزیہ کار اپنے اپنے نام پیش کر رہے تھے، اور کہا یہ جا رہا تھا کہ آج 8 اگست کو وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی ملاقات کے بعد نگراں وزیراعظم کا نام فائنل کر لیا جائے گا۔ تاہم آج وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی متوقع ملاقات نہیں ہو سکی ہے۔

راجہ ریاض کہاں ہیں؟

نگراں وزیراعظم کی تقرری میں اپوزیشن لیڈر کا اہم کردار ہوتا ہے، نگراں وزیراعظم کے لیے تین نام وزیراعظم نے اور تین نام اپوزیشن لیڈر نے تجویز کرنا ہوتے ہیں، اور پھر باہمی مشاورت سے ایک نام پر اتفاق کر لیا جاتا ہے۔ نگراں وزیراعظم کی اہم تقرری کے دنوں میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض اسلام آباد میں تو موجود ہیں تاہم وہ اپنے چیمبر میں نہیں آ رہے۔

پیر 7 اگست کو بھی اپوزیشن جماعتوں کے رہنما نگراں وزیراعظم کے نام پیش کرنے کے لیے اپوزیشن لیڈر کے چیمبر کا رخ کرتے رہے جہاں راجہ ریاض ملاقات کے لیے دستیاب نہیں تھے۔ راجہ ریاض نے خود ہی مشاورتی اجلاس طلب کر رکھا تھا تاہم وہ قومی اسمبلی میں اپنے چیمبر میں بھی نہیں آئے۔

آج 8 اگست کو وزیراعظم شہباز شریف کی نگراں وزیراعظم کے نام پر مشاورت کے لیے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے ساتھ ملاقات طے تھی تاہم آج بھی راجہ ریاض مصروفیات کے باعث اپنے چیمبر نہ آئے ۔ اب وزیراعظم نے خط لکھ کر راجہ ریاض کو کل شام 4 بجے مشاورت کے لیے مدعو کیا ہے۔

نگراں وزیراعظم کی تقرری کے لیے 3 نام وزیراعظم اور 3 نام اپوزیشن لیڈر نے تجویز کرنا ہیں، جس کے بعد وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر ملاقات میں کسی ایک نام پر اتفاق کریں گے، جسے نگراں وزیراعظم مقرر کر دیا جائے گا، وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان اتفاق رائے نہ ہونے کی صورت میں پارلیمانی کمیٹی نگراں وزیراعظم کا تقرر کرے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp