آج کہاں چلیں گی تیز ہوائیں اور کہاں ہوگی گرج چمک کے ساتھ بارش؟

بدھ 9 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئندہ دو روز میں پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، پنجاب ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے پنجاب میں سیلابی صورتحال سے خبردار کر دیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ اور جمعرات کے روز ملک کے بیشتر علا قوں میں موسم گرم اور مر طوب رہے گا، تاہم بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر، مشرقی پنجاب اور خطہ پوٹھوہار میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

 سندھ کے ساحلی علاقوں میں بارش کا امکان

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعرات کے روز سندھ کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں تیز آندھی چلنے کا امکان ہے جبکہ ساحلی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی بھی توقع ہے۔

منگل کے روز کا موسم

گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا تاہم بالائی پنجاب اور آزاد کشمیر میں چند مقا ما ت پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

دریا کے بالائی علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کے امکانات ہیں، پی ڈی ایم اے

ترجمان پنجاب ڈیساسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق 9 سے 15 اگست تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کے امکانات ہیں، تاہم دریا کے بالائی علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کے امکانات ہیں۔

دریائے سندھ اور ستلج میں نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال

پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے دریاؤں میں طغیانی کی صورتحال برقرار ہے، دریائے سندھ اور ستلج میں نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال برقرار ہے، دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

دریائے سندھ میں کالا باغ اورچشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، کالا باغ کے مقام پر پانی کی آمد 284330 اور اخراج 276330 ہے، چشمہ کے مقام پر پانی کی آمد 294509 اور اخراج 279309 ہے، تربیلا کے مقام سے 2 لاکھ 55 ہزار کیوسک پانی گزر رہا ہے۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریائے ستلج میں اسلام ہیڈ پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، ہیڈ اسلام کے مقام پر پانی کی آمد 57966 اور اخراج 56216 کیوسک ہے، دریائے راوی
میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے، دریائے چناب میں خانکی اور تریموں کے مقام پر پانی کی سطح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

منگلا اور تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح میں اضافہ

پی ڈی ایم اے کے مطابق منگلا اور تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے، منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 94 فیصد اور تربیلا ڈیم میں 97 فیصد تک بلند ہو چکی ہے۔

شہری سیلاب اور موسم برسات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، پی ڈی ایم اے

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری سیلاب اور موسم برسات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کچی دیواروں اور چھتوں سے دور رہیں، بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے فاصلہ رکھیں، عوام دریاؤں کے اطراف غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

عمران قریشی نے پنجاب انتظامیہ کو دریاؤں کے اطراف دفعہ 144 کا نفاذ یقینی بنایا جائے اور شہری ممکنہ سیلابی خطرے کے پیش نظر انتظامیہ سے تعاون کریں اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp