پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ اور تحریک منہاج القرآن کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ انھوں نے دھرنا کے ذریعے انقلاب لانے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہوئے۔
لندن میں مقیم صحافی مرتضیٰ علی شاہ نے اپنی ایک ٹویٹ میں ایک ویڈیو کلپ اپ لوڈ کیا ہے۔ یہ ویڈیو کب اور کہاں کی ہے، اس کا اندازہ نہیں ہوتا تاہم پروفیسر طاہر القادری حاضرین میں سے کسی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہتے ہیں وہ پاکستانی سیاست سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرچکے ہیں۔
Dr Tahir Qadri announces retirement from politics, says he tried to bring revolution through Dherna but didn’t work out.
(That failed revolution was sponsored by Gen (r) Zaheer Islam and Gen (r) Raheel Shareef as part of London Plan). pic.twitter.com/J4fwrgSDXT
— Murtaza Ali Shah (@MurtazaViews) August 8, 2023
پروفیسر ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا: ’میں نے اپنا فریضہ ادا کردیا، میں نے 22 کروڑ عوام کو آوازیں دیں، صدائیں دیں، اپنے کارکن شہید کرائے، ہمارا خون بہا، اسلام آباد میں 75 دن تک ہر روز آواز دی، میں نے کہا تھا کہ آج نہیں اٹھو گے تو آنے والے کل نہیں اٹھ سکو گے، تمہارے لیے دروازے بند ہوجائیں گے‘۔
’میں نے اپنا فریضہ ادا کیا، ہمارا ضمیر مطمئن ہے۔ اب میں سیاسی حالات پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گا‘۔
واضح رہے کہ پروفیسر طاہرالقادری نے 2014 میں پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے ساتھ مل کر اسلام آباد میں طویل دھرنا دیا تھا۔ اس دھرنا میں زیادہ بڑی تعداد پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان کی تھی۔
ایک اندازے کے مطابق ابتدائی دنوں میں دھرنے کے شرکا کی تعداد 35 ہزار تھی، جن میں سے 25 ہزار سے زائد پروفیسر ڈاکٹر طاہرالقادری کے کارکنان تھے۔