اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی راجہ ریاض نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے مشکل وقت میں ملک کو سنبھالا اور ڈیفالٹ ہونے سے بچایا۔
قومی اسمبلی کے الوداعی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے راجہ ریاض نے کہا کہ ہماری سوچ تھی کہ مہنگائی کو کم کرنے کے لیے اقدامات کریں، مگر حکومت عوام کو ریلیف نہیں دے سکی، ہمیں کہا گیا تھا کہ بجلی کی قیمت میں 7 روپے یونٹ اضافہ ہو گا لیکن اس کے بعد 14 روپے اضافہ کر دیا گیا۔
راجہ ریاض نے کہا میری آنے والی نگراں حکومت سے گزارش ہو گی کہ مہنگائی کو کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں کیوں کہ عام آدمی کا گزر بسر بہت مشکل ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں پنجاب میں ڈپی اوز اور ڈپٹی کمشنرز رشوت دے کر تعینات ہوتے تھے، ہم نے بزدار کے اس طرز حکمرانی سے اختلاف کیا۔
اپوزیشن لیڈر نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، ڈپٹی اسپیکر سمیت سیکریٹریٹ کے اسٹاف کا بھی شکریہ ادا کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے اسمبلی اسٹاف کو بونس دینے کا بھی اعلان کیا۔