حکومت نے فنڈز فراہم کر دیے، انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، خرم دستگیر

بدھ 9 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر پانی و بجلی اور پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما انجینئر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ حکومت نے آئندہ عام انتخابات کے لیے فنڈز فراہم کر دیے ہیں، اب انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عام انتخابات کو 6 ماہ آگے لے جانے کے معاملے پر ابھی تک کوئی حتمی مشاورت نہیں ہوئی، آئین پاکستان کے مطابق انتخابات آئینی مدت کے اندر ہونے چاہییں اور مسلم لیگ ن اس کے لیے تیار ہے۔

’انتخابات غیر آئینی مداخلت سے پاک ہونے چاہییں، ناصرالملک 2018 میں انتخابات میں مداخلت نہیں روک سکے تھے‘۔

خرم دستگیر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں نگراں وزیراعظم ایسا ہو جو معاشی استحکام کا سفر جاری رکھے، موجودہ حکومت کی اچھائیوں اور مشکلات کا کریڈٹ سب کو اٹھانا ہوگا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نگراں وزیراعظم کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہو جائے گا، حکومتی اتحادیوں کے درمیان مشاورت مکمل ہونے کے بعد وزیراعظم اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض سے بات کریں گے۔

تگڑا نگراں وزیراعظم ہونا چاہیے جو آر ٹی ایس نہ بیٹھنے دے، فیصل کریم کنڈی

دوسری جانب پیپلزپارٹی کے سینیئر رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ نگراں وزیراعظم کے لیے جیل عباس جیلانی کا نام پیپلزپارٹی کی جانب سے تجویز کیا گیا ہے، میں ابھی بھی سمجھتا ہوں کہ کسی سیاستدان کو ہی نگراں وزیراعظم ہونا چاہیے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی نگراں حکومت تو وہ سارے کام کر رہی ہے جو آئینی اور قانونی طور پر درست نہیں۔

پی پی رہنما نے کہا کہ ایسا تگڑا نگراں وزیراعظم ہونا چاہیے جو ’آر ٹی ایس‘ کا سوئچ بند نا ہونے دے اور الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر فری اینڈ فیئر انتخابات کرائے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ 2018 میں ناصر الملک کو نگراں وزیراعظم بنایا گیا تھا جو شریف آدمی تھے اور دھاندلی کو نہیں روک سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp