نگراں وزیراعظم کون ہوگا اور اس کی تقرری کب کی جائے گی؟ یہ سوال پارلیمنٹ اور ٹاک شوز میں گزشتہ ایک ماہ سے ہر روز دہرایا جا رہا ہے، بہت سے نام سامنے آئے تاہم ابھی تک کوئی بھی نام فائنل نہ ہو سکا۔
نگراں وزیراعظم کے نام تجویز کرنے میں حکومت نے سستی کا مظاہرہ کیا ہی ہے، اپوزیشن کی جانب سے بھی کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی گئی۔ اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے کہا ہے کہ انہوں نے نگراں وزیراعظم کے لیے 3 نام فائنل کر لیے ہیں تاہم اپوزیشن رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت تک نہیں کی گئی ہے۔
نگراں وزیراعظم کی تقرری کے لیے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے درمیان 2 مرتبہ میٹنگ طے تھی تاہم راجہ ریاض کی مصروفیات کے باعث یہ ملاقات بھی نہیں ہو سکی۔ نگراں وزیراعظم کے لیے 3 نام وزیراعظم نے اتحادیوں کی مشاورت سے اور 3 نام راجہ ریاض نے اپوزیشن جماعتوں کی مشاورت سے طے کرنے ہیں۔ وزیراعظم اور راجہ ریاض کے تجویز کیے گئے ناموں پر وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی ملاقات ہو گی اور کسی بھی ایک نام پر اتفاق ہونے پر نگراں وزیراعظم کی تقرری ہو جائے گی۔
راجہ ریاض نے نگراں وزیراعظم کے نام پر مشاورت نہیں کی، فہمیدہ مرزا
وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کی رہنما و سابق اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا نے کہا کہ نگراں وزیراعظم کی تقرری میں اپوزیشن کا انتہائی اہم کردار ہوتا ہے، اپوزیشن کی جانب سے تجویز کیا گیا شخص بھی نگراں وزیراعظم ہو سکتا ہے، تاہم ہمارے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے ہم سے نگراں وزیراعظم کے نام پر مشاورت تک نہیں کی۔ پہلے ہم سے نگراں وزیراعظم کے نام مانگے گئے اور پھر رابطہ ہی نہیں کیا گیا۔
ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ نگراں وزیراعظم کی تقرری میں اپوزیشن کی مشاورت نہ ہونے سے آئندہ انتخابات پر بہت اثر پڑے گا، نگراں وزیراعظم کے نام پر مشاورت نہ ہونے سے بہت مایوسی ہوئی ہے، راجہ ریاض نے خود سے نام فائنل کر لیے ہیں ہمیں بتانا بھی گوارا نہیں کیا۔
نگراں وزیراعظم کا فیصلہ ہو چکا، راجہ ریاض سے کون پوچھتا ہے، مولانا اکبر چترالی
جماعت اسلامی کے رکن اسمبلی مولانا اکبر چترالی نے کہا کہ جماعت اسلامی کو نگراں وزیراعظم کی مشاورت میں سرے سے شامل ہی نہیں کیا گیا، راجہ ریاض تو اپوزیشن لیڈر ہیں ہی نہیں وہ تو مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر ہیں۔ راجہ ریاض جھوٹ بول رہے ہیں کہ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کے بعد نگراں وزیراعظم کے نام فائنل کیے ہیں۔
مولانا اکبر چترالی نے کہا کہ نگراں وزیراعظم کے نام کا فیصلہ پہلے ہو چکا ہے، راجہ ریاض سے پوچھتا کون ہے۔ راجہ ریاض صرف میڈیا پر آنے کے لیے مشاورتی اجلاس کر رہے ہیں، یہ خوش ہو جائیں گے کہ ان کی وزیراعظم سے ملاقات ہو گئی ہے اور انہوں نے اپنے دستخط سے نگراں وزیراعظم کے نام تجویز کیے ہیں۔