میں نے نام پیش کر دیے ہیں، پر ابھی کوئی اتفاق رائے نہیں ہوا ہے، راجہ ریاض

جمعرات 10 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے کہا ہے کہ نگراں وزیر اعظم کے نام پر ابھی تک کوئی اتفاق رائے نہیں ہوا ہے، فیصلہ ہوا ہے کہ کل ایک اور نشست ہو گی۔ امید ہے کسی ایک نام پر اتفاق رائے ہو جائے گا۔

جمعرات کو وزیر اعظم ہاؤس میں وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف سے ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ ریاض نے کہا کہ نگراں وزیر اعظم کے نام کے لیے وزیر اعظم سے اچھی مشاورت ہوئی ہے، تاہم ہمیں اس پر مزید مشاورت کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آج مشاورت کا پہلا دن تھا وزیر اعظم کو صرف یہ بتانا تھا کہ نگراں وزیر اعظم کے لیے میں نے کون سے نام دینے ہیں۔ میں نے اپنی طرف سے نام پیش کر دیے ہیں۔ جب کہ وزیر اعظم نے بھی اپنی طرف سے نام پیش کیے ہیں، کل 6 نام سامنے آئے ہیں۔ ان میں سے کسی ایک کو ہی نگراں وزیر اعظم بننا ہو گا۔

ایک سوال کے جواب میں راجہ ریاض نے کہا کہ وہ کون کون سے نام ہیں فی الحال یہ نہیں بتایا جا سکتا، نگراں وزیراعظم بننا کسی ایک کو ہی ہے اس لیے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ فی الحال نام سامنے نہیں لائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ میں اور وزیر اعظم شہبازشریف کسی ایک نام پر متفق ہو جائیں گے۔ کل جمعہ کو دونوں جانب سے دیے جانے والے ناموں پر مشاورت ہوگی۔

دوسری جانب وزیراعظم ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف سے قائد حزب اختلاف راجہ ریاض کی اسلام آباد میں ملاقات ہوئی،

وزیرِ اعظم نے آئین کی روشنی میں قائد حزب اختلاف کو نگران وزیرِ اعظم کی تقرری کے لیے مشاورت کے حوالے سے ملاقات کی دعوت دی تھی۔

ملاقات میں وزیرِ اعظم اور قائد حزبِ اختلاف کے مابین نگران وزیرِ اعظم کے ناموں پر مشاورت کا پہلا دور خوشگوار ماحول میں ہوا۔

یہ فیصلہ کیا گیا کہ اس اہم قومی معاملے پر مزید سوچ بچار کے بعد کل، یعنی 11 اگست کودوبارہ مشاورت کی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp