اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کی 10 ویں سالگرہ کے موقع پر 100 روپے کا یادگاری سکّہ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ’پاکستان چین اقتصادی راہداری (سی پیک) نے 2013 ءمیں اپنے آغاز کے بعد ایک عشرے کے دوران پاکستان کے انفراسٹرکچر اور اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ سی پیک کی 10 ویں سالگرہ کے موقع پر حکومت پاکستان نے 100 روپے کا یادگاری سکّہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مزید پڑھیں
یہ سکّہ 11 اگست 2023 ء سے ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے کاؤنٹرز کے ذریعے جاری کیا جائے گا۔ یہ سکّہ گول شکل کا ہے جس کے کنارے اُبھرواں ہیں، سکّے کا قطر 30ملی میٹر، اور وزن 13.5 گرام ہے، اسے تانبے اور نکل دھات سے بنایا گیا ہے (تانبہ 75 فیصد، نکل 25 فیصد)۔ ڈیزائن کی تفصیلات یہ ہیں
سکے کا سامنے والا رُخ
سکّے کے سامنے کی طرف، وسط میں خوبصورتی سے بنایا ہوا 5 کونوں والا بڑا ستارہ ہے۔ اس ستارے کے اندر فنکارانہ طور پر دائیں طرف ہلال اور ستارہ ہے (جیسا کہ پاکستان کے قومی پرچم پر موجود ہے) اوربائیں طرف پانچ ستاروں کا جھرمٹ ہے (جیسا کہ چین کے قومی پرچم پر موجود ہے) ۔
ستارے کے اوپر بالائی نصف دائرے میں انگریزی رسم الخط میں “CELEBRATING 10 YEARS OF CPEC” اور زیریں نصف دائرے میں اردو رسم الخط میں “اسلامی جمہوریہ پاکستان” کے الفاظ کندہ ہیں۔
ان دونوں دائروی سطروں کو دائیں اور بائیں دو چھوٹے ستاروں کی مدد سے الگ کیا گیا ہے۔ سکے کی قیمت بڑے ستارے کے دائیں اور بائیں جانب بالترتیب “100” اور اردو رسم الخط میں “روپیہ” میں لکھی گئی ہے۔
سکے کا پچھلا والا رُخ
سکّے کے پچھلی طرف وسط میں خوبصورتی سے بنایا ہوا 5کونوں والا بڑا ستارہ ہے۔ اس ستارے کے اندر فنکارانہ طور پر دائیں طرف ہلال اور ستارہ ہے (جیسا کہ پاکستان کے قومی پرچم پر موجود ہے) اوربائیں طرف پانچ ستاروں کا جھرمٹ ہے (جیسا کہ چین کے قومی پرچم پر موجود ہے) ۔
سکے کے بیرونی کنارے پر بالائی نصف دائرے میں انگریزی اور چینی رسم الخط میں “CHINA PAKISTAN ECONOMIC CORRDOR” اور اندرونی زیریں نصف دائرے میں اردو رسم الخط میں “پاکستان چین اقتصادی راہداری ” کے الفاظ کندہ ہیں۔
سکے کے بیرونی کنارے پر نچلے حصّے میں انگریزی رسم الخط میں “FROM VISION TO REALITY” کے الفاظ لکھے گئے ہیں۔ ان دائروی سطروں کو دائیں اور بائیں دو چھوٹے ستاروں کی مدد سے الگ کیا گیا ہے جبکہ ہندسوں میں بائیں طرف “2013” اور دائیں طرف ” 2023″ بھی تحریر ہے جو سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی کے عشرے کی عکاسی کرتے ہیں۔