کراچی میں مبینہ ڈاکوؤں نے ایک وکیل کو اغوا کر لیا ہے جس کی بازیابی کے لیے لوگ احتجاجاً سہراب گوٹھ میں سڑکوں پر نکل آئے اور پولیس سے وکیل کی بازیابی کے لیے کارروائی کا مطالبہ کیا۔
سہراب گوٹھ الآصف اسکوائر پر محسود قبائل کے افراد جمعہ کو اس وقت سڑکوں پر نکل آئے جب انہیں اطلاع ملی کہ ان کے قبیلے کے ایک وکیل حکمت اللہ محسود کو ڈاکوؤں نے اغوا کر لیا ہے۔
محسود قبائل کے افراد نے الآٹف اسکوائر سڑک کے دونوں ٹریک بند کر کے احتجاج کیا اور پولیس حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ حکمت اللہ محسود کی فوری بازیابی کے لیے اقدامات اٹھائے۔
محسود قبائل کے افراد کے اس احتجاج کے باعث دونوں ٹریک پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، مظاہرین کا کہنا تھا کہ کچے کے ڈاکوؤں نے محسود قبائل کے وکیل کو اغوا کیا ہے۔
اغوا ہونے والے شخص کی شناخت حکمت اللہ محسود کے نام سے کی گئی جو کہ پیشے کے اعتبار سے ایک وکیل ہیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکمت اللہ محسود سکھر میں گاڑی خریدنے گئے تھے، سکھر سے واپسی پر کندھ کوٹ کے مقام پر انہیں اغواکر لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکمت اللہ محسود کی رہائی کے لیے ڈاکو ان کے خاندان سے 8 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کر رہے ہیں تاہم پولیس کی جانب سے تا حال اس بارے کچھ نہیں کہا گیا۔