جنرل (ر) راحیل شریف کے اعزاز میں تقریب، ’جی سی یو ‘ نے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا

جمعہ 11 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی ( جی سی یو )لاہور نے سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف کےاعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا اور انہیں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا۔ وائس چانسلر یونیورسٹی پروفیسر سید اصغر زیدی نے انہیں ایوارڈ سے نوازا۔

پاکستان کے سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف کو جمعہ کو گورنمنٹ کالج یونیورسٹی ( جی سی یو )لاہور جو کہ ان کی مادرِ علمی بھی ہے میں ان کے اعزاز میں ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں یونیورسٹی کے طلبا اور طالبات، اساتذہ اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

یونیورسٹی کے موجودہ وائس چانسلر پروفیسر سید اصغر زیدی نے جنرل (ر)  راحیل شریف کو یونیورسٹی کی جانب سے لائف ٹائم اچیومینٹ ایوارڈ دیا، جس پر طلبا نے سابق آرمی چیف کا تالیاں بجا کر پرجوش استقبال کیا۔

واضح رہے کہ جنرل (ر) راحیل شریف نے بطور 15 ویں آرمی چیف کے طور پر ملک کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دیں ، بطور آرمی چیف ریٹائرمنٹ کے بعد جنرل راحیل شریف 42 ممالک کے اسلامک ملٹری کاؤنٹر ٹیررازم کولیشن کے پہلے ملٹری کمانڈر بنے۔

اس موقع پر شرکائے تقریب خصوصاً طلبا سے خطاب کرتے ہوئے جنرل (ر) راحیل شریف نے کہا کہ زندگی میں 3 چیزیں انتہائی اہم ہیں، نمبر ایک کردار، دوسرا ہمت اور تیسری قابلیت، یہی 3 چیزیں انسان کو اپنی منزل تک پہنچاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ روائین ہونا کسی اعزاز سے کم نہیں، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی سے بہت سی نامور شخصیات نے تعلیم حاصل کی ، آج اپنے مادر علمی کو ترقی کرتا دیکھ کر بہت خوشی ہو رہی ہے، میرے دونوں بھائیوں نے بھی یہاں ہی سے تعلیم حاصل کی۔

نوجوان کامیابی کے لیے نبی کریم کی سیرت کامطالعہ کریں: راحیل شریف

جنرل ( ر) راحیل شریف کا کہنا تھا کہ طلبا ہمارے ملک کا مستقبل ہیں، آپ تعلیمی اداروں میں اپنے وقت قیمتی وقت سے بھرپور استفادہ کریں، زندگی میں کامیابی کے لیے جذبہ اور لگن بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ نے چیلنجز سے نبرد آزما ہونا سیکھنا ہے تو نبی کریم حضرت محمد ﷺ کی زندگی کا مطالعہ کریں ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی ( جی سی یو) کے وائس چانسلر پروفیسر اصغر زیدی نے کہا کہ جنرل (ر) راحیل شریف کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دینے پر بے حد فخر محسوس کر رہے ہیں، کچھ طلبا  ایسے ہوتے ہیں جن سے تعلیمی اداروں کا وقار بلند ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کو جنرل راحیل شریف اور ان کے خاندان کی قربانیوں اور خدمات پر فخر ہے، گورنمنٹ کالج لاہور کو اس کی ہم نصابی سرگرمیاں منفرد بناتی ہیں۔ یہاں تدریس کے ساتھ طلباو طالبات کی کردار سازی پر بھی توجہ دی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈز کا مقصد بھی نوجوان طلبا میں ملک کی خدمت کا جذبہ پیدا کرنا ہے۔ فخر ہے کہ جنرل (ر)  راحیل شریف کے بھائی میجر شبیر شریف شہید نشان حیدر بھی گورنمنٹ کالج لاہور کے طالب علم رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp