ویلنٹائن ڈے محبت کے اظہار کاعالمی دن ، اس دن لوگ تحائف، پھول اور کارڈز کے ذریعے ایک دوسرے کے لیے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہیں۔ تاریخ محبت کی لازوال داستانوں سے بھری پڑی ہے۔ محبت کی ان داستانوں کی آج تک مثالیں دی جاتی ہیں چاہے وہ رانجھے کا ہیر کے لئے عشق ہو یا رومیو کا جیولیٹ کے لیے پیار، محبت کے عالمی دن پر تاریخ کی ان کہانیوں کا ذکر لازمی ہے۔
شاہ جہاں اور ممتاز :
شاہ جہاں ہندوستان کا پانچواں مغل بادشاہ تھا اور ممتاز اس کی بیوی تھی۔ تاریخ کی کتابیں بتاتی ہیں کہ شاہ جہاں ممتاز سے بے حد محبت کرتا تھا یہی وجہ ہے کہ سلطنت کے ہر معاملے میں ممتاز ان کے شانہ بشانہ رہتی تھی۔ تاہم، جب ممتاز ان کے چودھویں بچے کی پیدائش کے دوران فوت ہوئی تو اس سے اپنی محبت کے ثبوت کے طور پر شاہجہاں نے تاج محل کی تعمیر کا حکم دیا، جسے تاریخ میں محبت کی سب سے بڑی علامتوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔
ملکہ وکٹوریہ اور پرنس البرٹ:
ملکہ وکٹوریہ اور پرنس البرٹ کی محبت کی کہانی ایک سیاسی ڈیل کے ذریعے ہونے والی شادی سے شروع ہوئی تھی۔ تاہم، دونوں میں ایک دوسرے کے لیے گہری محبت پیدا ہوگئی۔ ان کی محبت کی داستان ان خطوط میں پوشیدہ ہے جو انہوں نے ایک دوسرے کو لکھے۔ تاریخ ہمیں بتاتی ہے کہ شہزادہ البرٹ کی موت کے بعد، ملکہ وکٹوریہ نے اپنی ساری زندگی سوگ میں گزاری۔
کلیوپیٹرا اور مارک انٹونی:
کلیوپیٹرا اور مارک انٹونی کے رومانس کو شیکسپیئر کے ایک ڈرامے میں دکھایا گیا تھا اور یہ اب تک کی سب سے مشہور محبت کی کہانیوں میں سے ایک ہے۔ ایک ایسا رشتہ جس نے تاریخ کا دھارا ہی بدل دیا، ان کی محبت کا اختتام انٹونی اور کلیوپیٹرا کی خودکشی کے ساتھ ہوا۔
ہیر رانجھا:
ہیر رانجھا پاکستان کے صوبہ پنجاب کی کئی المناک رومانوی داستانوں میں سے ایک ہے۔ تاریخ بتاتی ہے کہ ان کی محبت کی داستان کا اختتام ان کی شادی کے دن ہوا جب ہیر کو کھانے میں زہر ملا کہ دیا گیا ، اس صدمے کو برداشت نہ کرتے ہوئے رانجھا بھی زہر کھا کر اپنے جان دے دیتا ہے۔
گریس کیلی اور پرنس رینیئر:
گریس اپنے کیریئر کے ابتدائی دور میں ہالی ووڈ اداکارہ تھیں جبکہ پرنس رینیئر موناکو کے حکمران تھے۔فلمی ستارے سے حقیقی زندگی کی شہزادی میں تبدیل ہونے والے دونوں زندگی بھر ایک دوسرے کے ساتھ رہے۔ شہزادی گریس کا انتقال 1982 میں ایک کار حادثے میں ہوا جس کے بعد شہزادہ رینیئر نے کبھی دوسری شادی نہیں کی۔ 2005 میں جب وہ 82 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تو انہیں اپنی اہلیہ کے پہلو میں دفن کیا گیا۔