امریکی صدر جو بائیڈن کے بیٹے پر ٹیکس چوری کے الزام پر تحقیقات کا آغاز

ہفتہ 12 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی صدر جوبائیڈن کے بیٹے ہنٹر بائیڈن پر ٹیکس چوری اور اسلحہ رکھنے اور بیرون ملک مشکوک سودے کرنے کا الزام ہے، اپوزیشن کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر امریکی وزیر انصاف نے تحقیقات کے لیے ایک آزاد پراسیکیوٹر کی تقرری کا اعلان کردیا۔

عرب نیوز کے مطابق امریکی وزیر انصاف میرک گارلینڈ کی جانب سے  صدر جو بائیڈن کے بیٹے ہنٹر کی تحقیقات کے لیے ایک آزاد پراسیکیوٹرمقرر کیا گیا ہے، امریکی عدلیہ نے ہنٹرر پر ٹیکس چوری کا الزام لگایا جبکہ ریپبلکن اپوزیشن نے ہنٹر پر بیرون ملک مشکوک سودے کرنے اور غیر قانون اسلحہ رکھنے کا الزام عائد کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی صدر جو بائیڈن دوسری بار صدارت کے لیے انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔ امریکی وزیر انصاف میرک گارلینڈ کے مطابق وفاقی پراسیکیوٹر ڈیوڈ ویس نے منگل کو ایک بیان میں کہاکہ وہ تحقیقات کے اس مرحلے پر پہنچ گئے ہیں جس کے لیے خصوصی پراسیکیوٹر کی تقرری کی ضرورت تھی۔

میرک گارلینڈ نے ایک بیان میں کہاکہ ڈیوڈ ویس نے پہلے بھی رابرٹ ہنٹر بائیڈن کی جانب سے مجرمانہ طرز عمل کے الزامات کی تحقیقات کی تھیں۔

گارلینڈ نے مزید کہا کہ ڈیوڈ ویس نے آزاد پراسیکیوٹر کی تقرری کی درخواست کی اوراس کے ساتھ ساتھ اس معاملے کے غیر معمولی حالات کا جائزہ بھی لیا گیا، تاہم خصوصی پراسیکیوٹر کی تقرری کرنا اور اس معاملے کی شفاف تحقیقات کرنا سب کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔

واضح رہے 53 سالہ ہنٹر بائیڈن پر ٹیکس چوری اور اسلحہ رکھنے کے الززام کے ساتھ ساتھ  چین اور یوکرین جیسے ممالک میں منافع بخش معاہدے حاصل کرنے کے لیے اپنے خاندان کی سیاسی حیثیت کا فائدہ اٹھانے کا الزام بھی عائد ہے۔ ہنٹر بائیڈن پر کوکین اور الکوحل کے عادی ہونے کا الزام بھی ہے۔

اپوزیشن کی جانب سے ہنٹر بائیڈن کے کاروباری معاملات کو ان کے والد کی صدارت سے جوڑنے کی بھی کوشش کی گئی ہے، لیکن اب تک ان دونوں کو جوڑنے کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا ہے، اور وائٹ ہاؤس ایسے دعووں کو سازشی نظریات قرار دے کر مسترد کر چکا ہے۔

سابق صدر ٹرمپ اور ریپبلکن برسوں سے امریکی صدر جو بائیڈن کے بیٹے ہنٹر کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ ہنٹر پر بدعنوانی کا الزام لگایا جارہا ہے۔ وزیر انصاف ہر قیمت پر کوشش کر رہے ہیں کہ موجودہ صدر کے بیٹے کو قید کی سزا سے محفوظ رکھا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp