5 سال پی ٹی آئی کی پوری کوشش رہی کہ سندھ کو نہ چلنے دیا جائے، مراد علی شاہ

ہفتہ 12 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعلٰی سندھ مراد علی شاہ نے کہاکہ پی ٹی آئی نے 5 سال کے دوران پوری کوشش کی کہ سندھ کو چلنے نہ دیا جائے، کچھ گندے انڈے اسمبلی میں آکر انتشار پھیلاتے رہے اور غیر جمہوری طریقے سے اسمبلی کا ماحول خراب کیا۔

وزیر اعلٰی سندھ مراد علی شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ مشکل حالات کے باوجود سندھ حکومت نے بہتر حکمت عملی کے تحت اچھے اقدامات کیے، سندھ اسمبلی نے سب سے زیادہ قانون سازی کی اور بلاول بھٹو نے ان حالات میں بہت ساتھ دیا۔

مراد علی شاہ کے مطابق کورونا وبا کے دوران سندھ حکومت نے سب سے بہترین اقدامات کیے، کورونا میں سب سے پہلے سندھ حکومت نے سخت فیصلے کیے، اور سندھ حکومت اور ڈاکٹرز کے اقدامات سے پورے ملک کو فائدہ ہوا۔

انکا کہنا تھاکہ 2022 تک وفاق نے سندھ کو مکمل طور پر نظر انداز کیے رکھا، صوبے کو اور صوبے کے وزیر اعلٰی کو دشمن کی نگاہ سے دیکھتے رہے، وفاق کی زیرو سپورٹ کے باوجود کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے سندھ حکومت نے سب سے بہتر اقدامات کیے۔

’اس وقت کے وزیر اعظم عمران خان چند منٹوں کے دورے پر کراچی آتے تھے اور کبھی اندرون سندھ نہیں گئے۔‘

وزیر اعلٰی سندھ کے مطابق شہباز شریف وزیر اعظم بنے تو وفاق کے ساتھ تعلقات میں بہتری آئی، سیلاب کے دوران وفاق نے بہت ساتھ دیا، ایک وقت ایسا آیا کہ ہم ہمت ہار چکے تھے کہ اب کریں تو یا کریں، اس پانی کو کیسے نکالیں گے۔

مراد علی شاہ نے کہاکہ رستے بند تھے امداد پہنچانا مشکل ہو گیا تھا۔ عین اس وقت ورلڈ بینک اور اقوام متحدہ نے مدد کی اور سندھ کے لوگوں کو سیلاب جیسی آفت سے نمٹا گیا اور آج اس کی بحالی کے اقدامات ہو رہے ہیں۔

انکا کہنا تھاکہ گزشتہ حکومت نے تو سندھ سے اسپتالوں کا کنٹرول بھی اپنے ہاتھ میں لے لیا تھا اور ایک ایسا فیصلہ کیا جو تاریخ میں کبھی نہیں کیا گیا، کہ اسپتال وفاق چلائے گی اور پیسے سندھ حکومت کے بجٹ سے کاٹے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ امید کرتا ہوں نگراں وزیر اعلٰی کا تقرر مشاورت سے ہوگا، تمام پارٹیوں کی مشاورت کے بعد نگراں وزیر اعلٰی کا انتخاب کیا جائے گا جوکہ جمہوری عمل ہے اور سب کے لیے قابل قبول ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp