انوار الحق کاکڑ کا تعلق بلوچستان کے علاقے کان میتر زئی سے ہے، انہوں نے اپنی عملی سیاست کا سفر سابق صدر پاکستان جنرل پرویز مشرف کے دور سے شروع کیا اور اپنے علاقے کی قومی اسمبلی کی نشست پر مسلم لیگ ق سے الیکشن میں حصہ لیا، ان انتخابات میں انوار الحق کاکڑ کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، تاہم بعد ازاں انوار الحق کاکڑ نواب ثناء اللہ زہری کے دور حکومت میں صوبے کے ترجمان کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کرتے رہے۔
انوار الحق کاکڑ 12 مارچ 2018 کو بلوچستان سے آزاد حیثیت میں سینیٹر منتخب ہوئے، اسی سال اگست میں انہوں نے صوبے میں بننے والی نئی سیاسی جماعت بلوچستان عوام پارٹی میں شمولیت اختیار کی اور انوار الحق کاکڑ اس وقت بھی بطور سینیٹر ایوان بالا میں اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔
نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اسٹیبلشمنٹ کے آدمی ہیں، ابصار عالم
وی نیوز کے رابطہ کرنے پر سابق چئیرمین پیمرا اور سیاسی تجزیہ کار ابصار عالم نے بتایا کہ انہوں نے اپنی ملاقاتوں میں انوار الحق کاکڑ کو بطور انسان اچھا پایا ہے۔ ان کے مطابق انوار الحق کاکڑ اپنے مخالفین سے بھی اچھے تعلقات اور مہذب سلوک کے قائل ہیں۔
ابصار عالم کے مطابق نئے نگران وزیراعظم بنیادی طور پر اسٹیبلمشنٹ کے آدمی ہیں اور انہوں نے ہمیشہ اسٹیبلشمنٹ کے موقف کا ساتھ دیا ہے۔
انوار الحق کاکڑ سینیٹر منتخب ہونے سے قبل جنوری سے مارچ 2018 تک بلوچستان کے وزیر اعلٰی کے مشیر اور دسمبر 2015 سے حکومت بلوچستان کے ترجمان کے طور پر کام کر چکے ہیں۔ انہوں نے نہ صرف پاکستان میں بلکہ مختلف بین الاقوامی فورمز پر بھی بلوچ حکومت کے موقف کی نمائندگی کی ہے۔
مزید پڑھیں
انوار الحق کاکڑ بلوچستان کو درپیش مسائل پر گہری بصیرت رکھتے ہیں، ان کی دانشورانہ سوچ اور بصیرت کے باعث ملکی اعلٰی یونیورسٹیز اور غیر ملکی یونیورسٹیز جن میں ہارورڈ اور برسلز جیسے تعلیمی اداروں شامل ہیں، میں اپنے خیالات کا اظہار کرنے اور تجزیے اور تجاویز کے لیے بار بار مدعو کیا جاتا رہا ہے۔
سینیٹر انوار الحق کاکڑ کی سفارتی کوششوں کے باعث بین الاقوامی میدان میں ریاست کے مثبت اور معاون نقطہ نظر کو پیش کرنے کے لیے مضبوط تحریک پیدا کرنے میں مدد ملی اور بیرون ملک ریاست مخالف عناصر کی جانب سے کیے جانے والا منفی اور جھوٹا پراپیگینڈا بے نقاب ہوا۔ اور ان کے ہنر مندانہ خطاب کے نتیجے میں عالمی برادری اور بلوچ حکومت کے حق میں پالیسی میں کئی مثبت تبدیلیاں آئیں۔
سینیٹر انوار الحق کاکڑ مضبوط بلوچستان کے لیے ایک مثبت وژن پر یقین رکھتے ہیں، انہوں نے بلوچستان یونیورسٹی سے پولیٹیکل سائنس اور سوشیالوجی میں بیچلر کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔
وہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، اسلام آباد سے نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے سابق طالب علم بھی رہ چکے ہیں۔ وہ انگریزی، اردو، فارسی، پشتو، بلوچی اور براہوی پر عبور رکھتے ہیں۔