پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین رمیز راجا کا کہنا ہے کہ انہیں آسٹریلوی ٹیم کے دورے کے دوران جان سے مارنے کی دھمکیاں ملیں۔
نجی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو کے دوران رمیز راجا نے پی سی بی کے خرچ پر ایک کروڑ 35 لاکھ کی بلٹ پروف گاڑی رکھنے کے سوال پر انکشاف کیا کہ ’وہ گاڑی اس لیے دی گئی تھی کہ مجھے جان سے مارنے کی دھمکیاں ملی تھیں، آسٹریلوی ٹیم کے دورے کے دوران مجھے جان سے مارنے کی دھمکیاں ملیں، اس کے بعد ڈی آئی جی اور پولیس میرے گھر آئی رپورٹ ہوا اور مجھے گاڑی دی گئی جو کہ اب پی سی بی کے پاس ہے، اب وہ گاڑی نئےچیئرمین کمیٹی استعمال کریں گے‘۔
بلٹ پروف گاڑی رکھنے کی وضاحت پر رمیز راجا کا کہنا تھا کہ ’کسی بھی شخص کو بلٹ پروف گاڑی تب تک نہیں مل سکتی جب تک اسے جان سے مارنے کی دھمکیاں نہ ملی ہوں، یہی وجہ تھی کہ مجھے بلٹ پروف گاڑی دی گئی‘۔