پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے لائزز فورم نے ’انصاف ہاؤس‘ کے اندر داخل ہونے سے روکے جانے پر توہین عدالت کا مقدمہ دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
انصاف لائرز فورم کے وکلا نے کہا ہے کہ ہفتہ کے روز جب وہ انصاف ہاؤس پہنچے تو انہیں اسٹیشن ہاؤس آفیسر ( ایس ایچ اُو) ٹیپو سلطان نے اندر جانے سے روک دیا۔
انصاف لائرز فورم کے وکلا نے اس موقع پر کہا کہ وہ پولیس سے نہیں الجھیں گے بلکہ توہین عدالت کی درخواست دائر کریں گے۔
انصاف لائرز فورم کے وکیل رہنما شجاع عباسی نے کہا کہ پولیس ہمیں کہہ رہی ہے کہ ڈپٹی کمشنر نے زبانی احکامات جاری کیے ہیں کہ کوئی ’انصاف ہاؤس‘ داخل نہیں ہو سکتا جب کہ ہماری حساس دستاویزات انصاف ہائوس میں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دوسری جانب پولیس یہ بھی کہہ رہی ہے کہ ہمیں مالکِ مکان نے منع کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پولیس ہمیں ٹرکوں سے ڈرا رہی ہے ہم ٹرکوں سے نہیں ڈرتے ہیں۔ یہاں جنگل کا قانون ہے پر ہم قانون ہاتھ میں نہیں لیں گے بلکہ عدالت سے رجوع کریں گے۔