امریکا: خود کشی میں ریکارڈ اضافہ، ایک سال میں 49،449 افراد نے زندگی کا خاتمہ کیا

ہفتہ 12 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا میں 2022 میں خودکشی سے ہونے والی اموات ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہیں۔

امریکہ کے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن کے عبوری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال امریکا میں کسی بھی دوسرے سال کے مقابلے میں سب سے زیادہ افراد خودکشی کے اقدام سے ہلاک ہوئے۔

2022  میں ہر 100،000 افراد میں سے تقریباً 15 اموات خود کشی کے اقدام سے ہوئیں۔ اعداد و شمار میں کہا گیا ہے کہ خود کو جان بوجھ کر نقصان پہنچانے کی وجہ سے کم از کم 49،449 انسانی جانیں ضائع ہوئیں۔

اعداد و شمار کے مطابق 2022 میں خودکشی کی شرح میں گزشتہ سالوں کی نسبت بے پناہ اضافہ ہوا، خود کشی کی شرح میں 2018 سے 2021 تک کے مقابلے میں 2022 میں 5 فیصد اضافہ ہوا۔

سی ڈی سی کی چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر ڈیبرا ہوری نے کہا کہ ’میرے خیال میں یہ سمجھنا ضروری ہے کہ ہم کئی سالوں سے خود کشی کے واقعات میں اضافہ کیوں دیکھ رہے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ 2019 اور 2020 میں اس میں معمولی کمی آئی تھی لیکن گزشتہ 15 سالوں میں ہمارے شہری اس راستے پر کیوں گامزن ہیں اس بات کا جائزہ لینا بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم خود کشی کے واقعات کو روک سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس دماغی صحت کے پیمانے سے ہی نہیں ماپا جانا چاہیے کیوں کہ بہت سے لوگوں کو ذہنی یا دماغی صحت کا مسئلہ نہیں ہوتا، ہمیں اس کی دیگر وجوہات تلاش کرنے کی بھی ضرورت ہے۔

امریکا کا سی ڈی سی کا نیشنل سینٹر فار ہیلتھ سٹیٹسٹکس ڈیٹا مرتب کرتا ہے جس میں ملک کی دیگر ریاستوں کو بھی شامل کیا جاتا ہے پھر اس سے ملنے والے ڈیٹا کو اہم شماریاتی نظام میں رپورٹ کیا جاتا ہے۔

حال ہی میں شائع ہونے والی تازہ ترین اپ ڈیٹ میں 2022 کے عارضی اعداد و شمار کو شامل کیا گیا ہے جن کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ ان اعداد و شمار کو اس سال کے آخر تک حتمی قرار دے دیا جائے گا۔

امریکا کے شماریاتی ادارے کا کہنا ہے کہ 2022 میں خود کشی سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد ملک میں دائمی بیماریوں، انفلوئنزا اور نمونیا سے کئی زیادہ ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عبوری اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ 2022 میں ہونے والی تمام خودکشیوں میں سے نصف سے زیادہ میں آتشیں اسلحہ کا استعمال کر کے لوگوں نے اپنی زندگی کا خاتمہ کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp