عمران خان کو زہر دیے جانے کا خدشہ ہے، پی ٹی آئی کور کمیٹی کا الزام

اتوار 13 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواستِ ضمانت کو التوا میں ڈالنے کی شدید مذمت کی ہے۔

اتوار کو پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین عمران خان کو گھر سے کھانا اور پانی منگوانے کی اجازت نہ دینے کا مطلب ان کو بذریعہ خوراک سلو پوائزننگ کا شکار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

کور کمیٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو خلافِ قواعد اڈیالہ کے بجائے اٹک جیل میں قید رکھنے اور اڈیالہ منتقلی کی درخواست پر فیصلے میں تاخیر پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ متنازعہ ترین جج کے سیاہ فیصلے کے بعد عدالتِ عالیہ کے چیف جسٹس کا متعصّبانہ اور جانبدارانہ رویّہ انصاف کے خون میں کلیدی معاون بن رہا ہے۔ مخصوص ججز کی معاونت سے ملک میں آئین، بنیادی حقوق، جمہوریت اور انصاف کی قبریں کھودی جا رہی ہیں۔

پی ٹی آئی کے مطابق قوم اور عدل و انصاف کا مستقبل جسٹس منیر کی باقیات کے رحم و کرم پر چھوڑنے کے بجائے عدالتِ عظمیٰ نچلی عدالتوں کے معاملاتِ کار میں اصلاح کا اہتمام کرے۔

کور کمیٹی نے چیئرمین عمران خان کی خصوصی ہدایات پر یومِ آزادی کے بے مثال جشن کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ اور یومِ آزادی سے قبل ملک بھر میں تحریک انصاف کے کارکنان کے خلاف بدترین کریک ڈاؤن کو قابل مذمت قرار دیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف نے مختلف سطح کے ذمہ داران کی رہائشگاہوں پر چھاپوں اور توڑ پھوڑ کی بھی شدید مذمت کی ہے، اور ظلم و سفاکیت کی کسی بھی حد کے سامنے سرنگوں نہ ہونے اور چیئرمین عمران خان کی خصوصی ہدایت پر بھرپور جشنِ آزادی منانے پر مکمل اتفاق کیا گیا ہے۔

کور کمیٹی نے مجرم حکومت کی سفاکیت اور وحشت کا پوری ہمت و جرات سے مقابلہ کرنے اور حقیقی آزادی کے لیے لازوال قربانیاں پیش کرنے والے کارکنان اور ذمہ داران کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

اجلاس میں پیمرا کی جانب سے تحریک انصاف کے قائدین کے غیرقانونی بلیک آؤٹ کی شدید مذمت کی گئی۔ حماد اظہر، مراد سعید، علی نواز اعوان اور فرخ حبیب کے بیانات و تقاریر کی اشاعت پر پابندی کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا گیا ماضی میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی۔

پیمرا کے حکمنامے کے خلاف قانونی چارہ جوئی پر زور

کور کمیٹی نے پیمرا کے حکمنامے کے خلاف بھرپور قانونی چارہ جوئی کی مختلف جہتوں پر بھی غور کیا۔

کور کمیٹی نے کہا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے متعدد مرکزی ذمہ داران پہلے ہی غیرقانونی پابندیوں کی زد میں ہیں، ریاستی اداروں کے سیاسی استعمال کی روش نے ہمیشہ ریاست اور اس کے اداروں کی افادیت کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ چیئرمین پیمرا خلافِ قانون احکامات جاری کرکے ملک میں آزادی اظہار کا جنازہ نکالنے میں معاونت کے بجائے آئین کو مقدم رکھیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp