16 ماہ کانٹوں اورانگاروں پر چلنے کا سفر تھا، بطور وزیراعظم شہباز شریف کا الوداعی خطاب

اتوار 13 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت کا 16 ماہ کا سفر انتہائی کٹھن رہا، اب ملک کی باگ ڈور نگراں حکومت کے سپرد کر رہا ہوں۔ معاشی پالیسییوں کا تسلسل جاری رہا تو مستقبل میں مہنگائی میں کمی آئے گی۔

قوم سے الوداعی خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اتحادی حکومت نے ملک کی ڈوبتی کشتی کو بچا کر ساحلوں کی طرف واپس لایا، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی وجہ سے ملک کو معاشی استحکام ملا ہے۔

شہباز شریف نے کہاکہ نگراں وزیراعظم کے لیے انوارالحق کاکڑ کا انتخاب اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے ساتھ مشاورت سے عمل میں آیا ہے۔  امید ہے شفاف انتخابات کرانے کے لیے کردار اداکریں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ 16 ماہ کا سفر کانٹوں اور انگاروں پر چلنے کا سفر تھا، اقتدار سنبھالتے ہی اندازہ ہو چکا تھا کہ پاکستان کو انتہائی تباہ کن حالات کا سامنا ہے۔ خدانخواستہ ملک دیوالیہ ہو جاتا تو بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا۔

وزیراعظم نے کہاکہ جب ہم نے اقتدار سنبھالا اسی وقت انتخابات کرا دیتے تو سیاسی فائدہ ہوتا لیکن ہم نے قومی مفاد کی خاطر سیاست کو ایک طرف رکھ کر ریاست کو بچانے کا فیصلہ کیا اور مشکل ترین فیصلے کیے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سابق حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ توڑ کر بارودی سرنگیں بچھا کر گئی تھی، سابق حکومت نے ریاست کو قرض کی زنجیروں میں جکڑا۔

ہمارے دور میں مہنگائی ضرور ہوئی مگر اشیا کی قلت کا سامنا نہیں رہا

شہباز شریف نے کہا کہ ہمارے دور میں مہنگائی ضرور ہوئی مگر اشیا کی قلت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ قوم کو سوچنا ہو گا کہ ہماری حکومت کو مشکل فیصلے کیوں کرنا پڑے۔

وزیراعظم پاکستان نے کہاکہ 76 ویں جشن آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اس وطن کے لیے لاکھوں شہدا نے قربانیاں پیش کیں، جن کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ اب پھیلے ہوئے ہاتھ کو دینے والا ہاتھ بنانا ہے، ہمیں مفلوک الحال لوگوں کو وہ وسائل مہیا کرنے ہیں جس کے وہ حقدار ہیں۔ عام آدمی نے اس سے پہلے بہت قربانی دے دی ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ 16 ماہ محض ایک جھلک ہے، اگر سمت درست ہو تو بنجر زمین میں بھی گلاب اگائے جا سکتے ہیں اور ہم نے یہ کر کے دکھایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے کسانوں کے لیے 2 ہزار ارب روپے کا پیکیج دیا، اس کے علاوہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے لوگوں کی مدد کی گئی۔

ایک بار پھر موقع ملا تو ہر نوجوان کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ ہو گا

وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ ایک بار پھر موقع ملا تو ہر نوجوان کو لیپ ٹاپ فراہم کیا جائے گا تاکہ تعلیم و تحقیق کا سلسلہ آگے بڑھے اور بے روزگاری کا خاتمہ ہو۔

انہوں نے کہاکہ انہی معاشی پالیسیوں پر چلتے رہے تو مستقبل میں مہنگائی میں ضرور کمی ہوگی، ہمیں دوبارہ موقع ملا تو کشکول توڑ کر اشیا کی قیمتیں پرانے نرخوں پر لائیں گے۔ اس کے لیے ہمیں آئندہ 5 سال تک درست سمت میں کام جاری رکھنا ہوگا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ جس طرح دہشتگردی کے خلاف قوم ایک بیانیے پر جمع ہوئی تھی، آج معاشی انحصاری کے ایک نکتے پر متفق ہے، ایس آئی ایف سی کا منصوبہ سامنے آ چکا ہے جس کے ذریعے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے بڑے منصوبے شروع ہونے والے ہیں۔ زرعی انقلاب ہمیں قرضوں سے نجات دلائے گا۔ آئی ٹی اور معدنیات کے شعبوں پر توجہ دے کر قوم کی تقدیر بدلیں گے۔

وزیراعظم نے اتحادی حکومت کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے 5 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کی، اس کے علاوہ ہمارے دور میں اسٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 49 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت سیلاب کی تباہ کاریوں کا بھی سامنا رہا، 3 کروڑ 30 لاکھ سیلاب متاثرین میں 100 ارب روپے تقسیم کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا دانش اسکول کا دائرہ کار پورے ملک میں پھیلایا جا رہا ہے۔

افواج پاکستان کے افسران اور سپاہی ہمارا فخر ہیں

’وفاقی حکومت، صوبائی حکومت اور عسکری قیادت مل کر اس منصوبے پر کام کر چکے ہیں، قوم کے ساتھ کیے گئے اس وعدے کی تکمیل کی کوشش کریں گے‘۔

وزیراعظم نے سانحہ 9 مئی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس روز ایک سیاسی جماعت کی جانب سے سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا، شہدا کی نشانیوں کو مٹانے کی کوشش کی گئی، یہ سب ایک منصوبہ تھا جس کے لیے ہدایات جاری کی گئیں۔

وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ افواج پاکستان کے افسران اور سپاہی ہمارا فخر ہیں جن پر ہمیں ناز ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp