یوم آزادی: مختلف شعبوں میں کار ہائے نمایاں انجام دینے والے 304 افراد کے لیے قومی اعزازات

پیر 14 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حکومت پاکستان نے جشن آزادی پاکستان کے موقع پر وطن عزیز کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہدا اور مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والے 304 افراد کو سول اعزازات کے لیے نامزد کیا ہے۔

’وی نیوز‘ کو دستیاب دستاویز کے مطابق حکومت پاکستان کی طرف سے دیے جانے والے ان اعزازات میں 5 نشان امتیاز، 2 ہلال پاکستان، 17 ہلال امتیاز، 4 ہلال قائداعظم، ایک ستارہ پاکستان، 18 ستارہ شجاعت، 51 ستارہ امتیاز، 54 پرائیڈ آف پرفارمنس، 3 ستارہ قائداعظم، 4 ستارہ خدمت، 22 تمغہ شجاعت، 118 تمغہ امتیاز اور 4 تمغہ الخدمت شامل ہیں۔

معروف شاعر افتخار عارف اوردیگر نشان امتیاز کے لیے نامزد

حکومت کی طرف سے نشان امتیاز کے لیے معروف شاعر افتخار عارف، ہاکی کے مشہور کھلاڑی اصلاح الدین صدیقی، اور پبلک سروس سے سید قائم علی شاہ، راجہ ظفر الحق اور ڈاکٹر شمشاد اختر کو نامزد کیا گیا ہے۔

شہزادہ خالد بن سلمان اور نائب چینی وزیراعظم کے لیے ہلال پاکستان کا اعزاز

اس کے علاوہ پاکستان کے لیے خدمات پر شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز اور نائب چینی نائب وزیراعظم ہی لائفنگ کو ہلال پاکستان کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

معروف شاعر انور مسعود، پروفیسر ڈاکٹر شاہد محمود سمیت 17 افراد ہلال امتیاز کے لیے نامزد

ہلال امتیاز پانے والوں میں ادب کے شعبہ میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے معروف شاعر انور مسعود، سائنس کے میدان میں خدمات انجام دینے والے پروفیسر ڈاکٹر شاہد محمود بیگ، شعبہ تعلیم سے تعلق رکھنے والے پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد، فنون اور ثقافت کے شعبہ میں رہ کر پاکستان کا نام روشن کرنے والے راحت علی خان شامل ہیں۔

اس کے علاوہ سابق وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور مرحوم، محمد احمد شاہ، محمود احمد طاہر، پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر، پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد، زاہد ملک، حاجی حنیف طیب، ڈاکٹر امجد ثاقب، احمد عرفان، راجہ نعیم اکبر، ریاض الدین شیخ، لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد اکرم خان، بریگیڈیئر عاطف رفیق ہلال امتیاز پانے والوں میں شامل ہیں۔

مسٹر لوو زاؤہوئی، مسٹر ننگ جیزے، مسٹر نونگ رونگ، مسٹر شا زوکانگ کے لیے ہلال قائداعظم کا اعزاز

جن شخصیات کو پاکستان کے لیے خدمات پر ہلال قائداعظم کے لیے نامزد کیا گیا ہے ان میں مسٹر لوو زاؤہوئی، مسٹر ننگ جیزے، مسٹر نونگ رونگ، مسٹر شا زوکانگ شامل ہیں۔

انجینئر طلال بن عبداللہ العتیبی ستارہ پاکستان کے لیے نامزد

حکومت پاکستان نے سول اعزاز ستارہ پاکستان کے لیے انجینئر طلال بن عبداللہ العتیبی کو نامزد کیا ہے۔

ڈی آئی جی (ر) مقدس حیدر سمیت 18 افراد کو ستارہ شجاعت ملے گا

ستارہ شجاعت کے لیے نامزد کیے جانے والوں میں جوائنٹ ڈائریکٹر جنرل طارق محمود، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل محمد عامر نسیم، سینیئر منیجر ماجد سلیم ملک، آئی جی اختر حیات خان، ڈی آئی جی لیفٹیننٹ کمانڈر (ر) مقدس حیدر، پولیس سپاہی محمد یونس شہید، ریسکیو اہلکار نظام اللہ، ہیڈ کانسٹیبل پولیس غلام عباس شہید، پولیس سپاہی راحت سلیم شہید، پولیس سپاہی عبداللطیف شہید، سپاہی محمد رمضان شہید، سپاہی شمس اللہ شہید، ایس آئی محمد سہراب شہید، اسداللہ خان شہید، سپاہی اسرار محمد، ایس آئی ضیااللہ خان شہید، لفٹ آپریٹر سعید احمد شہید، سینٹری ورکر اجمل مسیح مرحوم شامل ہیں۔

ڈاکٹر جمشید اقبال، پروفیسر جہان بخت سمیت 51 افراد ستارہ امتیاز کے لیے نامزد

سول اعزاز ستارہ امتیاز کے لیے ڈاکٹر جمشید اقبال، پروفیسر ڈاکٹر جہان بخت، پروفیسر ڈاکٹر امجد سراج، ڈاکٹر عابد محمود، ڈاکٹر محمود ایاز، شمع حفیظ، ڈاکٹر ذوالفقار احمد بھٹہ، پروفیسر ڈاکٹر سہیل ندیم، پروفیسر محمد فاروق حسن، جاوید بشیر احمد، فاخر محمود، سرمد سلطان، بلال لاشاری، ملیکہ جنید اور دیگر کو نامزد کیا گیا ہے۔

معروف صحافی سہیل وڑائچ، عباس تابش سمیت 54 افراد کو پرائیڈ آف پرفارمنس کا اعزاز ملے گا

صدارتی ایوارڈ برائے پرائیڈ آف پرفارمنس کے لیے بھی مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو نامزد کیا گیا ہے، جن میں غلام عباس عرف عباس تابش، ممتاز صحافی سہیل وڑائچ، ڈاکٹر محمد افضل، پروفیسر ڈاکٹر فیصل شفاعت، ڈاکٹر بشریٰ مرزا، پروفیسر بلقیس شبیر، ڈاکٹر عمر شہباز، ڈاکٹر کاشف کفایت، ڈاکٹر نوید ارشد، ڈاکٹر امجد محبوب، محمد خلیل (مرحوم)، محمد ریاض، شاکر بی بی، شازیہ منظور، ہمایوں خان، ذوالفقار علی، عجب گل، عشرت عباس، شاکر زیب، عبدالجبار گل، قادر بخش مٹھو، محبوب علی، حسن عسکری اور دیگر شامل ہیں۔

 ستارہ قائداعظم کے لیے ڈاکٹر حسینف کاوازوو، سلمیٰ سلمان زاہد، مسٹر پیوٹر اوپلنسکی نامزد

اس کے علاوہ ستارہ قائداعظم کے لیے ڈاکٹر حسینف کاوازوو، سلمیٰ سلمان زاہد، مسٹر پیوٹر اوپلنسکی کو نامزد کیا گیا ہے۔

نصرالدین روپانی، سمانتھا پاور، الیگزینڈر این گرین اور آصف رنگون والا کو ستارہ خدمت ملے گا

ستارہ خدمت کے لیے حکومت کی جانب سے نصرالدین روپانی، سمانتھا پاور، الیگزینڈر این گرین اور آصف رنگون والا کو نامزد کیا گیا ہے۔

ایس پی عبدالمالک شہید سمیت 22 افراد تمغہ شجاعت کے لیے نامزد

اس کے علاوہ حکومت نے تمغہ شجاعت کے لیے ڈائریکٹر فرمان اللہ، ڈائریکٹر محمد بلال ریاض برکی، ڈائریکٹر سید عامر اختر، ڈپٹی ڈائریکٹر عظمت علی شاہ، انسپکٹر مجیب اللہ، ڈی ایس پی عبدالمالک شہید، ایس ایس پی کیپٹن (ر) واحمد محمود، انسپکٹر عبدالمالک شہید، پولیس سپاہی جتوئی خان، پولیس سپاہی محمد سلیم شہید، پولیس سپاہی محمد ارشد خان جدون، انسپکٹر محمد عدنان، ایس آئی اشفاق اور دیگر کو نامزد کیا ہے۔

غریدہ فاروقی، وقار ستی، واسع چوہدری سمیت 118 افراد تمغہ امتیاز کے حقدار قرار

تمغہ امتیاز کے لیے مختلف شعبوں سے نامزد ہونے والوں میں اینکر پرسن غریدہ فاروقی، جیو نیوز سے وابستہ سینیئر صحافی وقار ستی، فاروق عادل، سلیم بخاری، فہد حسین، ڈپٹی ڈائریکٹر اسداللہ خالد، ڈاکٹر محمد العربی، ڈاکٹر جاوید احمد شیخ، عبدالواسع چوہدری، احمد عطااللہ اور دیگر شامل ہیں۔

عزیزہ شمی قدوائی، عرفان صدیقی، کرامت اللہ چوہدری، پروفیسر امجد شاد تمغہ الخدمت کے لیے نامزد

اس کے علاوہ تمغہ الخدمت کے لیے عزیزہ شمی قدوائی، عرفان صدیقی، کرامت اللہ چوہدری، پروفیسر امجد شاد کو نامزد کیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp