پاکستان کی آزادی کی 76 ویں سالگرہ کے موقع پر شعبہ صحافت میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں 14 صحافیوں کو قومی اعزازات ہلال امتیاز، ستارہ امتیاز، تمغہ امتیاز اور پرائڈ آف پرفارمنس سے کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
وی نیوز کو موصول ہونے والی فہرست کے مطابق پاکستان کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سر انجام دینے والی شخصیات کو حکومت کی طرف سے نوازے جانے والے اعزازات کی فہرست میں ملک کے نامور صحافی بھی شامل ہیں۔
فہرست کے مطابق ایک صحافی کو ہلال امتیاز، ایک کو ستارہ امتیاز، 2 کو صدر کی طرف سے پرائڈ آف پرفارمنس جب کہ 9 صحافیوں کو تمغہ امتیاز سے نوازا جائے گا۔
ایوارڈ کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ صحافیوں کی اس فہرست میں زاہد ملک کو وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے ہلال امتیاز، واصف ناگی کو حکومت پنجاب کی جانب سے ستارہ امتیاز، غلام محمد عارف نجمی اور سہیل سرور وڑائچ کو حکومت پنجاب جب کہ سلمان غنی کو وزارت اطلاعات و نشریات کی تجویز پر صدر پاکستان کی طرف سے پرائڈ آف پرفارمنس کے ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
اسی طرح وزارت اطلاعات کی جانب سے تجویز کردہ امجد عزیز ملک، فہد سلیم ملک(میڈیا ٹیکنالوجی)، سید نقی حیدر نقوی، غریدہ فاروقی، شمع جونیجو، وقار ستی، فاروق عادل، فہد حسین اور سلیم بخاری کو تمغہ امتیاز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے ہر سال مختلف شعبوں میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور ملک کے لیے نمایاں خدمات سر انجام دینے والی اہم شخصیات کو مختلف قومی اعزازات سے نوازا جاتا ہے۔