چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان دو قومی نظریے کی بنیاد پر وجود میں آیا، افواج پاکستان اور عوام ایک تھے، ایک ہیں اور ایک رہیں گے۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں آزادی پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیّد عاصم منیر نے قوم کو 76 ویں یوم آزادی پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم 76 برس سے آزادی کا دن منانے کی روایت کو قائم رکھے ہوئے ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان بے شمار وسائل اور ان گنت نعمتوں سے مالا مال سرزمین ہے، آج ہم ایک اہم اور کٹھن دور سے گزر رہے ہیں، ہمیں پاکستان کو کمزور کرنے کی خواہش رکھنے والی قوتوں کا سامنا ہے۔
چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، ہمیں خوف اور مایوسی پھیلانے والوں کا منفی پروپیگنڈا مسترد کرنا ہوگا۔
آرمی چیف نے کہا کہ آج کا دن ہمیں پاکستان کا مطلب کیا لاالہ الاللہ کے پیغام کی روح کو سمجھنے کی اہمیت پر زور دیتا ہے۔ پاکستان ہے تو ہم ہیں، پاکستان نہیں تو کچھ بھی نہیں۔
دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ضرور کامیاب ہوں گے
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے عوام 2 دُہائیوں سے دہشت گردی کی ظالمانہ کارروائیوں کا مقابلہ کر رہے ہیں، میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیوں کے خلاف ضرور کامیاب ہوں گے۔
’ہم نے یہ آزادی بے شمار قربانیوں کے بعد حاصل کی ہے۔ہم اس آزادی کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔ ہمارا ازلی دشمن اپنی نام نہاد اسٹریٹجک اہمیت اور توسیع پسندانہ عزائم کے خواب رکھتا ہے، ہم کبھی بھی جارحانہ عزائم سے مرعوب نہیں ہوں گے‘۔
انہوں نے کہا کہ 2 ایٹمی قوتوں پر مشتمل یہ خِطہ ایسے جارحانہ عزائم کا متحمل نہیں ہو سکتا، بدقسمتی سے دشمن مسلسل اپنے ناپاک سیاسی عزائم کی تکمیل کے لیے مصروف عمل ہے۔
افغان سرزمین پاکستان خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ افغان بھائیوں کو ادراک ہونا چاہیے کہ ہم ایک مہمان نواز قوم ہیں، ہماری خواہش ہے کہ ہماری مخلصانہ کوششوں کا اسی پیرائے میں جواب دیا جائے ، افغان سرزمین ہمارے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔
چیف آف آرمی اسٹاف نے مزید کہا کہ ہم اپنے دیرینہ دوست چین کے ساتھ تعاون اور اشتراک کے نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکیہ، قطر اور ایران کے ساتھ تاریخی مراسم میں مزید بہتری آرہی ہے، پاکستان اقوام عالم میں اپنے اصل مقام کےحصول کے لیے پرعزم ہے۔
مقبوضہ کشمیر کے عوام ضرور آزادی حاصل کریں گے
مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا ذکر کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ کشمیری بھائی انشااللّٰہ ضرور قابض ملک بھارت سے چھٹکارا پائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی ضمیر کے لیے کشمیر میں ہندوستانی جبر و استبداد کا احساس ضروری ہے۔ تمام مذموم ہتھکنڈوں کے باوجود کوئی طاقت کشمیری عوام کے استقلال کو متزلزل نہیں کر سکتی۔
انہوں نے کہا کہ میں کشمیری بھائیوں کو افواج پاکستان اور پاکستانی قوم کی طرف سے مکمل حمایت کا یقین دلاتا ہوں۔
چیف آف آرمی اسٹاف نے شاندار پریڈ کے انعقاد پر کیڈٹس کو خراج تحسین پیش کیا۔