خیبر پختونخوا اسمبلی کے بروقت انتخابات کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کی درخواست پر پشاور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن اور گورنر سے تحریری جواب طلب کرلیا۔
پشاور ہائی کورٹ میں کے پی اسمبلی کے بروقت انتخابات کے لیے پی ٹی آئی کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی، اسد قیصر، شبلی فراز اور شاہ فرمان عدالت میں پیش ہوئے۔
صوبائی ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا چیف سیکرٹری نے آج جواب جمع کیا ہے۔عدالت کا کہنا تھا گورنر نے جواب جمع نہیں کروایا۔ گورنر بتائیں کہ ابھی تک تاریخ کیوں نہیں دی۔
ایڈووکیٹ جنرل کا کہنا تھا آئین کے مطابق گورنر کے پاس تاریخ دینےکا ابھی وقت ہے۔عدالت نے کہا اس پر بعد میں بات ہوگی۔ پہلے تحریری جواب دیں ۔ خط کے جواب میں گورنر نے تاریخ نہیں دی۔
الیکشن کمیشن کو اگر تاریخ نہیں ملی تو کیا لائحہ عمل ہوگا۔ عدالت عالیہ نے الیکشن کمیشن کو بھی تحریری جواب جمع کرانےکی ہدایت کر دی۔
پی ٹی آئی کے وکیل کا کہنا تھا الیکشن کمیشن،گورنر اور صدر کے خطوط ریکارڈ پر موجود ہیں۔ گورنر بہانے بنا کر تاریخ نہیں دینا چاہتے ہیں۔عدالت نے الیکشن کمیشن اور گورنر سے تحریری جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 16 فروری تک ملتوی کر دی۔