نگراں وزیراعظم پاکستان انوارالحق کاکڑ نے حلف اٹھانے کے بعد وزیراعظم ہاؤس کا دورہ کیا جہاں سابق وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا، انوار الحق کاکڑ نے وزیراعظم ہاؤس کے افسران اور عملے سے ملاقات کی۔ اس دوران عملے کی جانب سے وزیراعظم کو تعارف کروایا گیا۔
نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی وزیرِ اعظم ہاؤس آمد
سبکدوش ہونے والے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے نگران وزیرِ اعظم کا استقبال کیا.
نگران وزیرِ اعظم کی وزیرِ اعظم آفس کے افسران و عملے سے ملاقات.
ملاقات میں افسران نے نگران وزیرِ اعظم کو اپنا تعارف کروایا.
نگران وزیرِ اعظم… pic.twitter.com/bCpCy6pW4W
— PTV News (@PTVNewsOfficial) August 14, 2023
اس موقع پر نگراں وزیراعظم اور سبکدوش ہونے والے وزیراعظم کے درمیان ملاقات بھی ہوئی، سابق وزیراعظم شہباز شریف نے نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کو مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ جس پر نگراں وزیراعظم نے ان کا شکریہ ادا کیا۔
مزید پڑھیں
اس موقع پر سبکدوش وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جس کے بعد انوار الحق کاکڑ نے سبکدوش وزیرِاعظم شہباز شریف کو رخصت کیا، بعد ازاں نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کو ٹرائی سروسز کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
واضح رہے کہ شہباز شریف نے بحیثیت وزیراعظم 9 اگست کی رات کو اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری صدر مملکت کو ارسال کی تھی جس پر صدر مملکت کی جانب سے اسی روز دستخط کر دیے گئے تھے۔
اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان نگراں وزیراعظم کے نام پر مشاورت کا آغاز ہوا، دونوں رہنماؤں نے متفقہ طور پر 12 اگست کو انوارالحق کاکڑ کے نام پر اتفاق کیا جس کے بعد وزیراعظم نے سمری منظوری کے لیے صدر مملکت کو ارسال کی اور عارف علوی نے اسے منظور کر لیا۔
انوارالحق کاکڑ نے آج نگراں وزیراعظم کا حلف اٹھا لیا ہے اور باقاعدہ وزارت عظمیٰ کا چارج سنبھال لیا ہے جس کے ساتھ ہی شہباز شریف وزیراعظم ہاؤس سے رخصت ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب کابینہ ڈویژن نے بھی شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔