انوارالحق کاکڑ کے نگراں وزیراعظم بننے سے بلوچستان کے مسائل کیسے حل ہوں گے، اختر مینگل نے سوال اٹھا دیا

پیر 14 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کے سربراہ سردار اختر مینگل نے کہا ہے کہ حیرانی ان لوگوں پر ہوتی ہے جو کہتے ہیں کہ انوارالحق کاکڑ کے نگراں وزیراعظم بننے سے بلوچستان کے مسائل حل ہوں گے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اخترمینگل نے کہا کہ نواز شریف کو خط لکھنے کا مقصد مختلف ایشوز کی طرف توجہ دلانا تھا، اس سے قبل بھی ایک خط قائد ن لیگ کو لکھا گیا تھا اور یہ خط اسی کا تسلسل تھا۔

اخترمینگل کے مطابق بلوچستان میں لاپتہ افراد کا معاملہ سنجیدہ نوعیت کا ہے، عمران خان کے دور میں 400 کے قریب لاپتہ افراد واپس آئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کے خلاف مجبوراً تحریک عدم اعتماد لائی، ہم نے پہلے روز سے ان کو کہا تھا کہ سب کو ساتھ لے کر چلیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 90 دن کا کہہ کر اقتدار میں آنے والے 9 سال بھی گزار دیتے ہیں، کیوں کہ جنہوں نے فیصلہ کرنا ہے وہ کسی سے مشورہ نہیں کرتے۔

واضح رہے کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سینیئر سیاستدان انوارالحق کاکڑ کے نگراں وزیراعظم بننے پر بی این پی کے سربراہ اختر مینگل کی جانب سے اعتراض کیا گیا تھا۔

سردار اختر مینگل نے پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو خط لکھ پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

اخترمینگل کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا تھا کہ نگراں وزیراعظم کے لیے ایسے شخص کی نامزدگی کی گئی جس سے ہمارے لیے سیاست کے دروازے بند کر دیے گئے، آپ کے اس طرح کے فیصلوں نے ہمارے درمیان مزید دوریاں پیدا کر دیں۔

بی این پی رہنما کے خط میں مردم شماری پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ گزشتہ مردم شماری میں بلوچستان کی آبادی جو تقریباً 2 کروڑ 24 لاکھ بنتی تھی اسے 73 لاکھ کم کر دیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp