کراچی میں ایک اور ’کمسن بچہ کھلے گٹر میں گر کر ’پیپلزپارٹی کی 15 سالہ کارکردگی کی نذر‘

منگل 15 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ایک اور کمسن بچہ کھلے گٹر میں گر کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

افسوسناک واقعہ کی ویڈیو شیئر کرنے والوں کے مطابق پیپلزپارٹی کے ڈپٹی میئر سلیمان عبداللہ مراد کی یونین کونسل میں پیش آنے والے واقعے میں کمسن بچے نے جشن آزادی کی مناسبت سے سبزوسفید لباس زیب تن کر رکھا ہے۔

ویڈیو میں واضح ہے کہ ایک کمسن بچے کو گٹر سے باہر نکالا جا رہا ہے۔ باہر نکلنے پر بچہ بےسدھ ہوتا ہے تو اس کا سانس بحال کرنے کی کوشش بھی کی جاتی ہے۔

کچھ آگے چل کر دکھایا گیا ہے کہ جب بچے کی جانب سے کوئی ردعمل نہیں ملتا تو اسے باہر نکالنے والے افراد بچے کو اٹھائے دوڑتے ہوئے ایک جانب چلے جاتے ہیں۔

فیض اللہ نے واقعے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’نعمان ابڑو کو بڑی محبت سے ماں نے سبزوسفید لباس پہنایا۔ وہ 14 اگست منانے گھر سے نکلا اور پیپلزپارٹی کی 15 سالہ کارکردگی کی نذر ہو گیا۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’ڈپٹی میئر کی یوسی کا نعمان ابڑو دیگر درجنوں بچوں کی طرح گٹر میں گر کر مر گیا۔ ہاں خوش قسمتی بس اتنی سی ہے کہ دفنانے کو والدین کی لاش مل گئی ہے یہی کافی ہے۔

مختلف صارفین نے ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے غم وغصہ کا اظہار کیا تو پیپلزپارٹی کی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔

کمسن بچے کے مظلومانہ موت پر تبصرہ کرنے والے خان یوسفزئی نے بےبسی کا اظہار کیا تو لکھا کہ ’ہم کچھ نہیں کر سکتے، کرنا چاہیں تو۔۔۔۔‘

علاقہ مکینوں کے مطابق مین ہول کئی دنوں سے کھلا ہوا ہے۔ شکایت کی تو یقین دہانی کرائی گئی مگر کچھ ہوا نہیں۔ علاقہ مکینوں کے مطابق یہ اکلوتا مین ہول نہیں بلکہ میمن گوٹھ کے علاقے میں 50 سے زائد مین ہولز ایسے ہی کھلے پرے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp