9 مئی مقدمات، سندھ ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے 19 ملزمان کی ضمانت منظور کر لی

منگل 15 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سندھ ہائیکورٹ نے 9 مئی احتجاج کیس میں نامزد تحریک انصاف کے 13 ملزمان کی ضمانت منظور کر لی۔

سندھ ہائیکورٹ میں 9 مئی کو چیئرمین تحریک انصاف کی گرفتاری پر احتجاج کے کیسزمیں نامزد 19 ملزمان کی درخواست ضمانت کی سماعت جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو اور جسٹس کوثر سلطانہ نے کی۔

جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو نے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ جو پولیس اہلکار زخمی ہوئے ان کے زخموں کی نوعیت کیا ہے، پولیس گولی ،لکڑی یا کسی اور چیز سے زخمی ہوئے؟

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ پولیس اہلکار پتھر لگنے سے زخمی ہوئے، جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو نے استفسار کیا کہ جو لوگ گرفتار ہیں ان سے کیا برآمد ہوا ہے کہاں سے گرفتار ہوئے ہیں؟

سرکاری وکیل نے بتایا کہ پیپلز بس اور رینجرز کی چوکی جلائی گئی ہے، ملزمان سے 6 پتھر برآمد کیے گیے ہیں، اس کے علاوہ ملزمان میں سے اور کچھ برآمد نہیں ہوا۔

جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو نے استفسار کیا کہ 900 بندے احتجاج کر رہے تھے، کس نے کیا اٹھایا ہوا تھا کیسے معلوم ہوگا؟

سرکاری وکیل نے کہا کہ ملزمان کے خلاف کوئی سی سی ٹی وی نہیں ہے کوئی کریمنل ریکارڈ نہیں ہے۔

ملزمان کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کہتی ہے پرائیویٹ گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا ہے مگر ایک بھی گواہ پرائیویٹ نہیں ہے، جاوید خٹک سمیت 3 ملزمان کے خلاف پولیس نے خود کہا کہ شواہد نہیں ملے، جس نے پریس کانفرنس کی تھی ان کو چھوڑ دیا گیا ہے۔

دلائل سننے کے بعد سندھ ہائیکورٹ نے 9 مئی احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ کے کیس میں نامزد تحریک انصاف کے 19 ملزمان کی ضمانت 1،1 لاکھ مچلکوں کے عوض منظور کر لی، ملزمان کے خلاف شاہ فیصل اور ٹیپو سلطان تھانے میں درج تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp