پنجاب میں ’اب گاؤں چمکیں گے‘؟

منگل 15 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں حکومت پنجاب نے ’اب گاؤں چمکیں گے‘ نام سے ایک پروگرام شروع کیا ہے جس کے تحت پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار دیہات کو بھی شہروں کی طرز پر صفائی کا عملہ اورسہولیات مہیا کی جائیں گی۔

دیہات میں شہروں کی طرح کمپیوٹرائزڈ برتھ، ڈیتھ، میریج سرٹیفیکٹس اور طلاق رجسٹریشن کی سہولتیں بھی میسر ہوں گی۔ دیہات کی صفائی کے لیے یونین کونسل کی سطح پر جدید مشینری مہیا کی جائے گی۔

15 روز میں تمام گاؤں میں چوکیدار اور صفائی کا عملہ مہیا کر دیا جائے گا۔ ہر یونین کونسل کو سینیٹری ورکرز مہیا کیے جائیں گے، گاؤں کی کمیٹیاں پروگرام پر عملدرآمد یقینی بنائیں گی۔

پنجاب کے دیہی علاقوں میں پینے کے صاف پانی کا انتظام بھی اسی پروگرام کے تحت کیا جائے گا لوگوں کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر دی جائیں گیں۔

یوم آزادی پر پنجاب کے دیہات کے لوگوں کے لیے بڑے تحفے کا اعلان کرتے ہوئے نگراں وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے شرقپور کے گاؤں قلعہ شریف سے ’اب گاؤں چمکیں گے‘ پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔

مقامی افراد پر مشتمل ویلیج کمیٹیاں بنائی جائیں گی

اس پروگرام کے تحت پنجاب کی 2 ہزار 468 یونین کونسلز کو صفائی کی سہولیات مہیا کی جائیں گی۔

نگراں وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کے مطابق یہ پروجیکٹ کافی عرصے سے رکا ہوا تھا اور اب دوبارہ شروع کیا گیا ہے، اس سے گاؤں کے لوگوں کی زندگیاں بہتر ہوں گی، دیہات کا سب سے بڑا صفائی اور سینیٹیشن کا مسئلہ اس پروگرام سے حل گا۔

محسن نقوی نے کہا کہ وطن سے محبت کا تقاضا ہے کہ ہم اسے صاف ستھرا رکھیں، اس پروگرام سے گندگی سے پھیلنے والی بیماریوں کا تدارک ہوگا- کوڑا تلف کرنے کے لیے مقامی افراد کی مشاورت سے مقامات کا تعین کیا جائے گا۔

’پروگرام کے تحت گلیوں اور نالیوں کی باقاعدگی سے صفائی یقینی بنائی جائے گی۔ پروگرام کامیاب بنانے کے لیے مقامی افراد پر مشتمل ویلیج کمیٹیاں بنائی جائیں گی۔ کمیٹی تشکیل دینے کا اختیار متعلقہ اسٹنسٹنٹ کمشنر کے پاس ہوگا۔‘

 پروگرام پر 8 ارب لاگت آئے گی

’اب گاؤں چمکیں گے‘ کے نام سے شروع ہونے والے پروگرام میں پنجاب حکومت کے تخمینے کے مطابق تقریبا 8 ارب روپے لاگت آئے گی۔

پروگرام کے تحت دیہات میں حفظان صحت کے اصولوں پر عملدرآمد اور عوام کو بہتر معیار زندگی دینے کے لیے صفائی ستھرائی کے کام کو آؤٹ سورس کیا جائے گا اور پنجاب چوکیداری سسٹم بھی بحال کیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp