نگران وفاقی کابینہ کے لیے کون کون سے نام زیر غور ہیں؟

منگل 15 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے، اب نگران حکومت کو چلانے کے لیے اگلا قدم نگران کابینہ کی تشکیل ہے، اس ضمن میں نگران وزیراعظم نے مشاورت تیز کردی ہے، ذرائع کے مطابق انوار الحق کاکڑ نے نگران کابینہ کو مختصر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور اپنے رفقا سے گفتگو میں کہا ہے کہ ملک کو درپیش معاشی مشکلات کے باعث خزانے پر مزید بوجھ نہیں ڈالنا چاہتے اس لیے کابینہ مختصر ہو گی اور پروٹوکول پر کم سے کم خرچ کیا جائے گا، ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کا اعلان رواں ہفتے ہی کیا جائے گا۔

نگران کابینہ کے لیے کچھ نام زیر غور ہیں، وی نیوز نے جاننے کی کوشش کی کہ زیر غور نام کس کے ہیں اور ان کی پروفائل کیا ہے۔

فیصل واوڈا

نگراں کابینہ کے لیے فیصل واوڈا کا نام زیر غور ہے جو پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں آبی وسائل کے وفاقی وزیر رہ چکے ہیں، فیصل واوڈا 2018 سے مارچ 2021 تک رکن اسمبلی رہ چکے ہیں،2021 میں سندھ سے سینیٹ کا الیکشن بھی جیت چکے ہیں تاہم 9 فروری 2022 کو دوہری شہریت کے باعث الیکشن کمیشن نے انہیں نا اہل قرار دیا تھا۔

جلیل عباس جیلانی

نگراں کابینہ میں وزیر خارجہ کے لیے سابق امریکی سفیر جلیل عباس جیلانی کا نام بھی زیر غور ہے، وہ دسمبر 2013 سے فروری 2017 تک امریکا میں پاکستان کے سفیر اور اس سے پہلے مارچ 2012 سے دسمبر 2013 تک سیکریٹری خارجہ بھی رہ چکے ہیں، پیپلز پارٹی نے جلیل عباس جیلانی کا نام بطور نگران وزیراعظم بھی تجویز کیا تھا۔

ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ

نگران کابینہ میں وزیر خزانہ کے لیے سابق وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا نام زیر غور ہے، وہ پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں دسمبر 2020 سے مارچ 2021 تک مختصر عرصے کے لیے وفاقی وزیر جبکہ اپریل 2019 سے دسمبر 2020 تک مشیر خزانہ رہ چکے ہیں، اس سے قبل پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں بھی مارچ 2010 سے فروری 2013 تک مشیر خزانہ رہ چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق عالمی مالیاتی اداروں سے اچھے تعلقات ہونے اور آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدوں کا وسیع تجربہ رکھنے کے باعث ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نگراں کابینہ کے ممکنہ وزیر خزانہ ہوں گے، ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نگراں وزیراعظم کے بھی مضبوط امیدوار تھے۔

ذوالفقار احمد چیمہ

نگراں کابینہ کے لیے ذوالفقار احمد چیمہ کا نام زیر غور ہے، وہ سابق آئی جی موٹروے پولیس اور نیشنل وکیشنل ٹریننگ کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر رہ چکے ہیں، ان کے بھائی نثار احمد چیمہ مسلم لیگ ن کے گجرنوالہ سے رکن اسمبلی رہ چکے ہیں۔

ڈاکٹر شعیب سڈل

نگراں کابینہ کے لیے ڈاکٹر شعیب سڈل کا نام بھی زیر غور ہے، وہ بلوچستان کے پولیس چیف، نیشنل پولیس بیورو کے ڈائریکٹر جنرل رہ چکے ہیں۔

سرفراز بگٹی

نگران کابینہ کے لیے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سینیٹر سابق وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کا نام بھی زیر غور ہے، سرفراز بگٹی کا تعلق بھی نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی پارٹی بلوچستان عوامی پارٹی باپ پارٹی سے ہے۔

محمد علی درانی

نگراں کابینہ میں وزیر اطلاعات کے لیے محمد علی درانی کا نام زیر غور ہے، وہ 2003 سے 2012 تک مسلم لیگ ق کے سینیٹر رہ چکے ہیں، بعد ازاں انہوں نے مسلم لیگ فنکشنل میں شمولیت اختیار کر لی تھی اور اب وہ پارٹی کے سیکریٹری جنرل ہیں۔

نگران وزیراعظم نے متعدد سول افسران کو برقرار رکھا

وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹر سید توقیر حسین شاہ، شہباز شریف کے سابق مشیر اور گریڈ 22 کے ریٹائرڈ افسر احد چیمہ اور جوائنٹ سیکریٹری محب علی کو نئے وزیراعظم نے بھی برقرار رکھا ہے جبکہ احد چیمہ کو وفاقی وزیر کے مساوی عہدہ سونپا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp